آئندہ دس دنوں میں کورونا پرپوری طرح قابو پالیں گے:یوگی

میرٹھ، جنوری ۔ اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے جمعہ کو دعویٰ کیا کہ ریاست میں کورونا کی تیسری لہرپراگلے دس دنوں میں پوری طرح قابوپالیاجائے گا۔لالہ لاجپت رائے میموریل میڈیکل کالج میں کووڈ وارڈ کا معائنہ کرنے کے بعد نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے یوگی نے تسلیم کیا کہ کورونا کی دوسری لہر میں آکسیجن کی کمی تھی۔ اس بات کو ذہن میں رکھتے ہوئے ریاست میں 551 آکسیجن پلانٹ لگائے گئے ہیں جن میں سے 29 پلانٹ صرف میرٹھ میں لگائے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ریاست میں 25 کروڑ سے زیادہ لوگوں کو کورونا ویکسین دی گئی ہے، جسے کچھ لوگوں نے بی جے پی کی ویکسین کہہ کر عوام میں کنفیوژن پھیلانے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ اتنے بڑے پیمانے پر ویکسینیشن کی وجہ سے ہی کورونا کی تیسری لہر بہت کمزور رہی اور متاثرہ افراد کو اسپتال بھی نہیں جانا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ دس دنوں میں کورونا پر مکمل قابو پالیا جائے گا۔بے سہارا اور غریبوں کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کورونا کے دور میں ایسے لوگوں کو کسی کے سامنے ہاتھ نہ پھیلانا پڑے، اس لیے حکومت کی جانب سے مفت راشن کی تقسیم کا انتظام کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کو کورونا انفیکشن سے بچانے کے لیے اسکول اور کالج بند کیے گئے، جنہیں جلد کھولنے کی تیاریاں کر لی گئی ہیں۔ اس کے بعد یوگی پہلے سے منتخب شہر کے مختلف مقامات پر گھرگھر ووٹ مانگنے کی اپیل کرنے نکل گئے۔

Related Articles