ہماچل پردیش: وزیر اعلی نے سیاحت کو فروغ دینے پر زور دیا
شملہ، اپریل ۔ ہماچل پردیش کے وزیر اعلی جئے رام نے ریاستی محکمہ سیاحت اور مہمان نوازی کی صنعت کو ہدایت دی ہے کہ وہ کلو-منالی-کیلونگ-جسپا سرکٹ میں سیاحت کو مزید فروغ دیں اور ریاست میں شادی کے نئے مقامات کی تلاش کریں۔ہماچل پردیش ٹورازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن (ایچ پی ٹی ڈی سی) کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی یہاں 157ویں میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ کووڈ ۔ 19 سے متاثرہ کارپوریشن کے کاروبار کو فروغ دینے کے لیے اقدامات کریں تاکہ انہیں فائدہ حاصل ہو سکے۔ اس کے علاوہ انہوں نے ملازمین کے تربیتی پروگراموں اور ہوٹلوں اور خدمات کے فروغ کے لیے بھی مناسب اقدامات کرنے کو کہا۔افسران کی کوششوں کو سراہتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے سوشل میڈیا کے ذریعے وسیع پیمانے پر تشہیر کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کارپوریشن کی جانب سے شناخت شدہ یونٹوں کو شادی کے مقامات کے طور پر فروغ دینے کی کوششوں پر خوشی کا اظہار کیا۔میٹنگ کے دوران بورڈ نے چار سال کی سروس مکمل کرچکے یومیہ اجرت پر کام کرنے والے ملازمین کو ریگولر کرنے کی منظوری دی۔ بورڈ نے قواعد کے مطابق مختلف زمروں کے 107 ٹرینیز کو کارپوریشن میں ضم کرنے کا فیصلہ کیا۔