مایاوتی نے کانگریس کو ہدف تنقید بنایا
لکھنؤ ، اکتوبر ۔بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کی سربراہ مایاوتی نے کانگریس کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ اترپردیش میں اسمبلی انتخابات کے پیش نظر کانگریس عوام سے لبھانے والے دل پذیر وعدے کر رہی ہے لیکن کانگریس کے قول و قرار پر یقین کرنا مشکل ہے۔ محترمہ مایاوتی نے جمعہ کو ٹویٹ کیا ،’ کانگریس نے انتخابی چھلاوے کے تحت بی جے پی اور ایس پی کی طرح کئی طرح کے سبز باغ والے وعدے وغیرہ کرنے شروع کر دیے ہیں جن کے تحت اس پارٹی نے یوپی میں حکومت بنانے کے بعد پاس ہونے والی طالبات کو اسمارٹ فون اور سکوٹیاں دینے کی بات کی ہےلیکن بنیادی سوال یہ ہے کہ ان پر کون اور کیسے یقین کرے؟‘کانگریس کی راجستھان اور پنجاب میں حکومت ہے تو کیا انہوں نے وہاں کچھ ایسا کر کے دکھایا ہے جو عوام ان کی باتوں پر یقین کرلیں۔ اگر نہیں تو لوگ ان پر کیسے یقین کریں۔ یہی وجہ ہے کہ کانگریس اور بی جے پی جیسی جماعتوں کے دعووں اور وعدوں کے تئیں عوام کا اعتماد نہیں۔انہوں نے کہا کہ عوام سے دھوکہ اور وعدہ خلافی وغیرہ کے سبب کانگریس کے برے دن چل رہے ہیں اور انہی کچھ خاص وجوہات سے بی جے پی کے بھی برے دن شروع ہو چکے ہیں۔ ’اچھے دن‘ کا خواب دکھا کر عوام پر مہنگائی، غریبی اور بے روزگاری وغیرہ کا پہاڑ توڑنے کا خمیازہ تو بی جے پی کو بھگتنا ہوگا۔