ہم بالا صاحب کے مضبوط شیوسینک ہیں: شندے

ممبئی، جون۔مہاراشٹر میں شیوسینا لیجسلیچر پارٹی میں بغاوت کی قیادت کر رہے لیڈر ایکناتھ شندے نے منگل کو کہا کہ وہ پارٹی کے بانی بالا صاحب ٹھاکرے کے پکے شیو سینک ہیں۔انہوں نے منگل کی دوپہر تقریباً 2.30 بجے ٹویٹر پر ایک بیان میں کہاکہ ہم بالا صاحب کے پکے شیوسینک ہیں… بالاصاحب نے ہمیں ہندوتو سکھایا ہے ۔۔۔ اقتدار کے لئے ہم نے بالاصاحب کے نظریات اور دھرم ویر آنند دیدھے صاحب کی تعلیمات کو کبھی دھوکہ نہیں دیا اور نہ کبھی دھوکہ دیں گے۔ مسٹر شندے اور شیوسینا قیادت سے ناراض ایم ایل اے اس وقت سورت میں جمع ہیں۔ مختلف ذرائع سے ملی معلومات کے مطابق اس گروپ کے تقریباً 32 ایم ایل اے سورت میں موجود ہیں۔ کچھ اطلاعات کے مطابق شیوسینا کے ناراض اراکین اسمبلی کی تعداد 35 تک پہنچ گئی ہے۔دریں اثنا شیو سینا نے مسٹر شندے کو اسمبلی میں پارٹی کی قانون ساز پارٹی کے لیڈر کے عہدے سے ہٹا دیا ہے اور ان کی جگہ مسٹر اجے چودھری کو اس عہدے کی ذمہ داری سونپی ہے۔مہاراشٹر میں حکمراں مہاراشٹر وکاس اگھاڑی کے اراکین کی تعداد فی الحال 169 ہے، جس میں شیوسینا کے 56 ایم ایل اے، این سی پی کے 53 اور کانگریس کے 44 ایم ایل اے شامل ہیں۔ اگر شیو سینا کے 35 اراکین اسمبلی الگ ہوجاتے ہیں تو اس اتحاد کے ارکان کی تعداد کم ہوکر 134 رہ جائے گی، جب کہ 288 رکنی اسمبلی میں اکثریت کے لیے 145 ارکان کی ضرورت ہوگی۔ تاہم اس وقت اسامیوں وغیرہ کی وجہ سے اکثریت کے لیے 143 ارکان کی حمایت درکار ہوگی۔اس پیش رفت کے درمیان کانگریس نے مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ کمل ناتھ کو مہاراشٹر کے لیے پارٹی مبصر کے طور پر مقرر کیا ہے۔

Related Articles