شیوسینا کے ایم ایل اے نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف ہائی کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا

ممبئی، جون ۔ گزشتہ ہفتے ہونے والے راجیہ سبھا انتخابات میں شیوسینا کے ایم ایل اے سوہاس کاندے کے ووٹ کو غلط قرار دینے کے الیکشن کمیشن (ای سی آئی) کے فیصلے کو انہوں نے بمبئی ہائی کورٹ میں چیلنج کیا۔ان کی عرضی آج صبح جسٹس ایس وی گنگاپور والا اور جسٹس دھیرج سنگھ ٹھاکر کی ڈویژن بنچ کے سامنے پیش کی گئی اور اس پر فوری سماعت کی اپیل کی گئی مسٹر کاندے نے اپنی درخواست میں دعویٰ کیا کہ الیکشن کمیشن کے ذریعہ ان کے ووٹ کو غلط قرار دینے کے فیصلے سے ان کے وقار اور ساکھ کو شدید ٹھیس پہنچی ہے۔ انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے۔انہوں نے اپنی درخواست میں کہا ہے کہ 10 جون کو وہ انتخابی ہال (ودھان بھون، ممبئی) گئے تھے اور اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا تھا۔ مہاراشٹر میں راجیہ سبھا کی چھ سیٹوں کے لیے انتخابات ہوئے تھے۔ مسٹر کاندے اپنا ووٹ ڈالنے کے بعد باہر آئے اور شیوسینا لیڈر سنیل پربھو کو بیلٹ پیپر دکھایا تھا، جنہوں نے الیکشن کے لیے وہپ جاری کیا تھا۔عدالت نے سماعت کے لیے 15 جون کی تاریخ مقرر کی ہے۔

Related Articles