ریاستی حکومت سبھی کووڈ مریضوں کو بہتر علاج دینے کے لئے پرعزم : وزیر اعلیٰ
کسی بھی صورت میں دوا کی کمی سے مریض کا علاج متاثر نہیں ہونا چاہئے
لکھنؤ: وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا ہے کہ ریاستی حکومت سبھی کوویڈ مریضوں کو بہتر علاج دینے کے لئے پرعزم ہے۔ اس کے پیش نظر کووڈ اسپتالوں کے انتظامات کوچست درست بنائے رکھا جائے۔ ریاستی حکومت کی جانب سے سبھی اضلاع کو کووڈ19 کے علاج ومعالجے کے سلسلے میں 3 سے 5 کروڑ روپئے اضافی مہیا کرائے گئے ہیں۔ انہوں نے ضلع مجسٹریٹوں کو اپنے اپنے ضلع میں اس رقم سے کووڈ 19 کے علاج و معالجے کے ضروری انتظامات کو یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی ہے۔
وزیر اعلیٰ آج یہاں اپنی سرکاری رہائش گاہ پر ایک اعلی سطحی میٹنگ میں ان لاک بندوبست کا جائزہ لے رہے تھے۔ انہوں نے ہدایت دی کہ سبھی میڈیکل کالج اپنے بجٹ سے کووڈ19 کے علاج و معالجے سے متعلق دوائیں اور دیگر ضروری اشیاء خریدیں۔ میڈیکل کالج کو دستیاب کرائی گئی رقم کا پورا استعمال مریضوں کے بہتر علاج پر کیا جائے۔ اس کام میں اگرتساہلی برتی گئی تو متعلقہ پرنسپل کی جوابدہی طے کی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی صورت میں دوا کی کمی سے مریض کا علاج متاثر نہیں ہونا چاہئے۔
وزیر اعلیٰ نے 40 لاکھ 75 ہزار سے زیادہ ٹیسٹوں کے ساتھ اترپردیش ملک کی پہلی ریاست بننے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ٹیسٹنگ سرگرمیوں کو پوری صلاحیت کے ساتھ چلانے کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں 80 ہزار ریپڈ اینٹی جن ٹیسٹ اورآر ٹی پی سی آر نظام سے 45 ہزار ٹیسٹ یومیہ کرنے کے لئے ہر ممکن کوشش کی جائے۔ انہوں نے کانٹریکٹ ٹریسنگ کے کام کو مزید تیز کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس کے ذریعے کووڈ 19 کے پھیلاؤ کو کنٹرول کرنے میں مدد مل رہی ہے۔ اس لئے زیادہ سے زیادہ کانٹریکٹ ٹریسنگ کیا جائے۔
وزیر اعلی نے کہا کہ کووڈ اسپتالوں میں مناسب تعداد میں بیڈ کا انتظام کیا جائے۔ بستروں کی تعداد میں اضافہ اس طرح کیا جائے جس سے سر پلس بیڈ بھی دستیاب ہوں۔ انہوں نے ہر ضلع میں ‘108’ اور اے ایل ایس ایمبولینس خدمات کا 50 فیصد استعمال کووڈ معاملات میں اور بقیہ 50 فیصد کا استعمال نان کووڈ میں کئے جانے کی ہدایت دی۔
وزیر اعلی نے کہا کہ ریاستی حکومت کسانوں کو کھاد اور دیگر زرعی اشیاء آسانی کے ساتھ فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہے۔ اس ضمن میں ریاستی حکومت کی جانب سے متعدد اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔ ریاستی حکومت کھاد کی بلیک مارکیٹنگ کرکے کسانوں کے مفاد کے ساتھ کھیلواڑ کرنے والوں کے خلاف سختی سے پیش آئے گی۔ انہوں نے ایسے لوگوں کے خلاف این ایس اے کے تحت کارروائی پر بھی غور کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کے خصوصی معاشی پیکیج کے ذریعہ اسٹیٹ وینڈرس کو فائدہ پہنچانے کے لئے موثر کارروائی کی جائے۔ اس کے لئے ، ایکشن پلان تیار کرکے زیادہ سے زیادہ اسٹیٹ وینڈرس کو مستفید کیا جائے۔
اس موقع پر وزیرصحت جناب جے پرتاپ سنگھ ،چیف سکریٹری جناب آر کے تیواری، کمشنرانفراسٹرکچر اینڈ صنعتی ترقیات جناب آلوک ٹنڈن ، کمشنر زرعی پیداوار جناب آلوک سنہا ، ایڈیشنل چیف سکریٹری مالیات جناب سنجیو متل، ایڈیشنل چیف سکریٹری داخلہ وا طلاعات جناب اونیش کمار اوستھی، ایڈیشنل چیف سکریٹری ریونیو محترمہ رینوکا کمار ، ڈائریکٹر جنرل پولیس جناب ہیتش سی اوستھی ، ایڈیشنل چیف سکریٹری وزیر اعلیٰ جناب ایس پی گوئل ، ایڈیشنل چیف سکریٹری صحت جناب امت موہن پرساد ، ایڈیشنل چیف سکریٹری طبی تعلیم ڈاکٹر رجنیش دوبے ، ایڈیشنل چیف سکریٹری دیہی ترقیات اور پنچایت راج جناب منوج کمار سنگھ ، ایڈیشنل چیف سکریٹری ایم ایس ایم ای جناب نونیت سہگل ، پرنسپل سکریٹری وزیر اعلیٰ جناب سنجے پرساد ، پرنسپل سکریٹری مویشی پروری جناب بھونیش کمار ، سکریٹری وزیر اعلیٰ جناب آلوک کمار ،ڈائر کٹر اطلاعات جناب ششر اور دیگر سینئر افسران موجود تھے۔