برفباری سے پیداشدہ صورتحال سے نمٹنے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں:فاروق عبداللہ

سری نگر ,جنوری۔نیشنل کانفرنس نے ڈویژنل انتظامیہ سے تازہ برفباری اور بارشوں کے نتیجے میں پیدا شدہ صورتحال سے فوری طور پر نمٹنے کی ہدایت کی ہے ۔پارٹی کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ (رکن پارلیمان) نے انتظامیہ پر زور دیا ہے کہ وہ برفباری کے نتیجے میں منقطع ہوئے علاقوں اور دیہات کے ساتھ سڑک روابط بحال کرنے کیلئے جنگی بنیادوں پر کام کریں۔انہوں نے صوبائی کمشنروں اور ضلع ترقیاتی کمشنروں سے اپیل کی کہ وہ ذاتی طور پر عوام کی راحت رسانی کے اقدامات کی نگرانی کریں اور سرحدی علاقوں میں متعلقہ انتظامیہ اور فیلڈ سٹاف کو متحرک کریں اور ساتھ ہی ان علاقوں میں غذائی اجناس اور ادویات کا وافر سٹاک پہنچایا جائے۔ انہوں نے محکمہ بجلی کے حکام سے بھی اپیل کی کہ وہ جنگی بنیادوں ایسے علاقوں میں بجلی کی مکمل سپلائی بحال کریں جہاں برفباری سے ترسیلی لائینوں کو نقصان پہنچا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرناہ، مژھل، ٹنگڈار، گریز، سنتھن، کپرن ، شوپیان، پہلگام ، مروہ ، مڑون ،دھچن اور بانہال کے پہاڑی علاقوں کے علاوہ دیگر دور دراز علاقوں میں جنگی بنیادوں پر برف ہٹائی جائے کیونکہ ان علاقوں میں قیام پذیر لوگوں کو آمد و رفت نہ ہونے کی وجہ سے کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ خصوصی طور پر بیماروں لانے لیجانے میں کافی مشکلات پیش آرہی ہیں۔انہوں نے انتظامیہ پر زور دیا کہ ایسے علاقوں کیلئے ہیلی کاپٹر سروس میسر رکھی جائے جو وادی سے کٹ کر رہ گئے ہیں تاکہ ان علاقوں لوگ ایمرجنسی کی صورت میں اس سہولیات سے فائدہ اُٹھا سکیں۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے حکومت پر زور دیا کہ سونہ مرگ میں برفانی تودے کی زد میں آنے سے لقمہ اجل بنے مزدوروں کے لواحقین میں معقول اور مناسب ایکس گریشیا ریلیف فراہم کی جائے۔

Related Articles