ہندوستان کے خلاف جو شاہین نے کیا اسے دہرانے کی کوشش کروں گا: بولٹ
دبئی، اکتوبر۔ گزشتہ اتوار شاہین شاہ آفریدی نے اپنی سیم اور انسونگ ہوتی گیندوں سے ہندستان کے ٹاپ آرڈر کو اکھاڑ پھینکا۔ اب اس اتوار کو ٹرنٹ بولٹ بھی کچھ ایساہی کرنا چاہتے ہیں۔ بین الاقوامی کرکٹ میں بولٹ کے نام ہندستان کے خلاف6 1 میچوں میں 71 وکٹ ہیں۔ ممبئی انڈینس کے اپنے کپتان روہت شرما کے خلاف ان کا بہترین ریکارڈ رہا ہے۔ جہاں انہوں نے 7ٹی 20 اننگز میں تین مرتبہ آؤٹ کیا ہے۔ اس دوران بولٹ نے روہت کے خلاف 24 گیندوں میں صرف 29 رن ہی دیے ہیں۔ بولٹ نے ہندوستان کے خلاف میچ سے پہلے سنیچر کو کہا کہ جس طرح سے اس دن شاہین نے گیند بازی کی وہ انتہائی شاندار تھی۔ ہندستانی ٹیم میں کچھ بہترین بلے باز ہیں۔ ہماری نظر شروعات کے اووروں میں ہی وکٹ لینے پر ہوگی۔ ہاں بس ہمیں اپنے لائن اور لینتھ کا خیال رکھنا ہوگا اور ایک یقینی ٹپے سے گیند بازی کرنی ہوگی۔ اگر گیند سونگ ہوئی تو جو شاہین نے کیا وہ میں بھی کرنے کی کوشش کروں گا۔ اس ٹی 20 عالمی کپ میں ٹاس کا اپنا اہم رول ہوتا ہے۔ سپر۔12 راؤنڈ میں صرف دو میچوں کو چھوڑ کر سبھی میچ اسی ٹیم نے جیتے ہیں جو ہدف کا تعاقب کررہی تھی۔ بولٹ کو اس کا اندازہ ہے لیکن انہوں نے کہا کہ اگر ٹیم دوسری اننگز میں فلڈنگ بھی کرتی ہے تو وہ ہدف کو بچانے کی بھر پور کوشش کریں گے۔ بولٹ نے کہاکہ بلے بازی یاگیند بازی ہم جو بھی پہلے کریں، ہمیں بہت اچھا کرنا ہوگا۔ ہندستان کے پاس ایک مضبوط بلے بازی آرڈر ہے۔ اس لیے اگر ہم پہلے بلے بازی کرتے ہیں تو ہمیں ایک بڑا ہدف ان کے لیے کھڑا کرنا ہوگا۔ لیکن یہاں وکٹ اچھی نظر آرہی ہے۔ بولٹ نے مزید کہا کہ ابھی یہ کہہ پانا بہت مشکل ہے کہ میدان پر شبنم کتنی پڑتی ہے اور اس کا میچ پر کتنا اثر پڑتا ہے۔ شارجہ میں زیادہ شبنم نہیں تھی۔ اس لیے آپ اس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ کی گرفت مضبوط ہو اور آپ متعین لائن و لینتھ پر گیند بازی کریں۔ نیوزی لینڈ نے ہندستان کے خلاف 10 میں سے سات عالمی کپ جیتے ہیں۔ انہوں نے حال ہی میں عالمی ٹسٹ چمپئن شپ کے فائنل میں بھی ہندوستان کو شکست دی تھی۔ اس بہترین ریکارڈ کے بعد یہ نہیں کہا جاسکتا کہ نیوزی لینڈ کو اس میچ میں ہندستان پر برتری حاصل ہے۔ بولٹ نے اس بات کو تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ میں یہ نہیں کہوں گا کہ ہمیں برتری حاصل ہے۔ دونوں طرف کچھ بہترین عالمی سطح کے کھلاڑی ہیں۔ ہمارے کچھ کھلاڑی آئی پی ایل کے دوران یہاں کھیلتے ہیں۔ اس تجربہ کو بھی ہم اس میچ میں دہرانے کی کوشش کریں گے۔ مارٹن گپل کی چوٹ کے بارے میں بولٹ نے کہا کہ وہ اب ٹھیک ہیں اور انہوں نے پرکٹس سیشن کے دوران پوری پرکٹس کی۔ اس دوران انہیں کوئی پریشانی نہیں ہوئی۔ امید ہے کہ اتوار کے میچ کے لیے وہ پوری طرح تیار ہیں۔ غور طلب ہے کہ پاکستان کے خلاف میچ کے دوران حارث رؤف کا ایک 150 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار والی تیز گیند گپل کی ہتھیلی پر لگ گئی تھی۔