پرینکا متاثرہ کسانوں کی تکلیف بانٹنے للت پور پہنچیں

للت پور، اکتوبر۔اتر پردیش کے بندیل کھنڈ میں کھاد کی کمی کی وجہ سے اپنی جان گنوانے والے دو کسانوں کے اہل خانہ سے ملاقات کے لیے کانگریس جنرل سکریٹری اورکانگریس کی ریاستی انچارج پرینکا گاندھی واڈرا جمعہ کی صبح ٹرین سے للت پور پہنچیں ۔سابق مرکزی وزیر اور کانگریس کے سینئر لیڈر پردیپ جین آدتیہ نے یو این آئی کو بتایا کہ ضلع للت پور میں دو کسانوں کی موت پر متاثرہ خاندانوں کو تسلی اور غم بانٹنے کے لیے محترمہ پرینکا گاندھی واڈرا آج صبح سابرمتی ایکسپریس سے للت پور پہنچیں۔ انہوں نے بتایا کہ کانگریس کارکنان نے ریلوے اسٹیشن پر ان کا شاندار استقبال کیا۔قابل ذکر ہے کہ محترمہ واڈرا جمعرات کی رات لکھنؤ سے ریل کے ذریعے للت پور کے لیے روانہ ہوئی تھیں۔ اس ہفتے للت پور کے ناراہاٹ تھانہ حلقے کے تحت بنیانہ گاؤں کے کسان مہیش کمار ویور کی کھاد خریدمرکز میں طویل قطار میں کھڑے رہنے کے بعد طبیعت خراب ہونے کی وجہ سے موت ہو گئی۔ اس کے ایک دن بعد ضلع للت پور کے مالواڑہ خورد گاؤں کے کسان سونی اہیروار نے تین دن تک کھاد نہ ملنے کی وجہ سے مایوس ہوکر خودکشی کرلی تھی۔بندیل کھنڈ سمیت ریاست کے مختلف علاقوں میں کیمیائی کھاد کی بلیک مارکیٹنگ کی وجہ سے کسانوں کو کھاد نہ ملنے سے یہ بحران مزید گہرا ہوگیا ہے۔ مسٹر جین نے بتایا کہ محترمہ واڈرا دونوں متوفی کسانوں کے گاؤں جائیں گی اور ان کے اہل خانہ سے ملیں گی۔سرکاری ذرائع کے مطابق، محترمہ واڈرا متاثرہ کسانوں سے ملاقات کے بعد مدھیہ پردیش کے دتیا کا دورہ کریں گی اور وہاں سدھا پیٹھ ماں پتامبرا کی پوجا کریں گی اور اتر پردیش میں پارٹی کی کامیابی کے لیے دعا کریں گی۔

Related Articles