بارابنکی میں زبردست سڑک حادثہ
بس اور ٹرک کی ٹکر، نو افراد ہلاک ، 27 زخمی
بارابنکی ، اکتوبر۔اتر پردیش کے ضلع بارابانکی کے دیوا علاقے میں جمعرات کی صبح کسان شاہراہ پردہلی سے بہرائچ جارہی ایک بس اور سامنے سے آفرہے ٹرک کے درمیان زبردست ٹکر ہوگئی، جس میں نو افراد ہلاک اور 27 زخمی ہوگئے۔وزیراعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے حادثے پر رنج کا اظہار کرتے ہوئے متوفیوں کے خاندان کو دو دو لاکھ روپے اور زخمیوں کو 50، 50 ہزار روپے معاوضہ دینے کا اعلان کیا ہے۔سپرنٹنڈنٹ آف پولیس جمنا پرساد نے موقع سے واپس آنے کے بعد یہاں یہ اطلاع دی۔ انہوں نے بتایا کہ صبح تقریباً 5.30 بجے دہلی سے بہرائچ جانے والی ایک ڈبل ڈیکر بس دیوا کوتوالی علاقے میں کسان شاہراہ پر ببوری گاؤں کے قریب سامنے سے آنے والے ٹرک سے ٹکرا گئی۔ حادثہ اتنا خوفناک تھا کہ ٹرک کے پرخچے اڑ گئے۔ انہوں نے بتایا کہ حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس فورس اور انتظامیہ کے اہلکاروں کی بڑی تعداد موقع پر پہنچ گئی اور زخمیوں کو بس سے نکال کر ڈسٹرکٹ ہسپتال بھیج دیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے نو افراد کو مردہ قرار دیا جبکہ غیر سرکاری ذرائع نے ہلاکتوں کی تعداد 14 بتائی ہے۔انہوں نے بتایا کہ بس پر سوار زیادہ تر افراد بہرائچ اور گونڈا کے رہنے والے ہیں۔ زخمیوں میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔