اسٹالن نے نرملا سے ملاقات کی، بقایا گرانٹ جاری کرنے کا مطالبہ
چنئی، اپریل ۔ تمل ناڈو کے وزیر اعلی ایم کے اسٹالن نے جمعہ کو مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن سے ملاقات کی اور ریاست کے 20,860.40 کروڑ روپے کے واجبات کو جاری کرنے کا مطالبہ کیا۔سیتا رمن کو دیے گئے میمورنڈم میں وزیر اعلیٰ نے 14ویں مالیاتی کمیشن کے ذریعہ تجویز کردہ لوکل باڈی گرانٹ کے تحت بقایا پرنسپل گرانٹ اور کارکردگی گرانٹ جاری کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔ مالیاتی کمیشن نے 2015-2020 کے دوران دیہی مقامی اداروں کے لیے بنیادی گرانٹ کے طور پر 7899.69 کروڑ روپے کی رقم کی سفارش کی تھی۔ واضح رہے کہ عدالتی چارہ جوئی کی وجہ سے 2900 گرام پنچایتوں میں بلدیاتی انتخابات نہیں ہوئے تھے، جس کی وجہ سے مرکزی حکومت نے تامل ناڈو کو 548.76 کروڑ روپے کی بنیادی گرانٹ جاری نہیں کی ہے۔ان 2900 گرام پنچایتوں میں انتخابات 6 اکتوبر اور 9 اکتوبر 2021 کو ہوئے تھے اور منتخب اراکین نے اپنے عہدے سنبھال لیے ہیں۔اسٹالن نے کہا کہ 14ویں مالیاتی کمیشن نے 2016-17 سے 2019-20 کی مدت کے دوران کارکردگی گرانٹ کے طور پر تمل ناڈو کو 2524.20 کروڑ روپے کی گرانٹ کی سفارش کی ہے۔ اس پر مرکزی حکومت نے سال 2016-17 کے لیے 494.99 کروڑ روپے کی گرانٹ جاری کی تھی، سال 2017-18 کے لیے گرانٹ جاری کرنے کی مانگ کے ساتھ ’یوٹیلائزیشن سرٹیفکیٹ تیارکردیاگیا ہے۔مسٹر اسٹالن نے کہا کہ سال 2017-18 کی گرانٹ حکومت کی شرائط کی تعمیل اور یوٹیلیٹی سرٹیفکیٹس کی تیاری کے باوجود تمل ناڈو کو نہیں دی گئی ہے۔ اسی طرح سال 2018-19 اور 2019-20 کے لیے گرانٹس بھی جاری نہیں کیے گئے ہیں جبکہ مرکزی حکومت نے زیادہ تر ریاستوں کو سال 2017-18 کے لیے کارکردگی گرانٹس جاری کی ہیں۔ لہذا، ہم درخواست کرتے ہیں کہ 548.76 کروڑ روپے کی بقایا پرنسپل گرانٹ اور 2029.22 کروڑ روپے کی کارکردگی گرانٹ تمل ناڈو کو جلد از جلد جاری کی جائے ۔مسٹر اسٹالن نے کہاکہ ہم حکومت سے درخواست کرتے ہیں کہ تمل ناڈو کے 20860.40 کروڑ روپے کے واجبات جلد از جلد جاری کیے جائیں تاکہ ریاست اپنے معاشی بحران سے باہر نکل سکے۔