انگلینڈ اور نیوزی لینڈ نے دورہ پاکستان منسوخ کرکے شرمناک فیصلہ کیا: آسٹریلین کمنٹیٹر

سڈنی/کرچی،ستمبر۔عالمی شہرت یافتہ آسٹریلین کمنٹیٹر مائیک ہیزمین پاکستان کا دورہ منسوخ کرنے پر انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈز پر برس پڑے۔ آسٹریلین کمنٹیٹر مائیک ہیزمین کا جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ کا دورہ پاکستان منسوخ ہونا بہت افسوسناک ہے، دورہ منسوخی پر روز بروز کچھ نئی خبریں سننے کو مل رہی ہیں جس سے دکھ ہو رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ انگلش کھلاڑیوں سے پوچھے بغیر انگلینڈ نے پاکستان کا دورہ منسوخ کردیا جو سراسر غلط ہے، نیوزی لینڈ نے دورہ منسوخ توکیا لیکن پاکستان کے ساتھ سکیورٹی تھریٹ کی معلومات شیئر نہیں کیں، جب آپ انٹرنیشنل لیول کی کرکٹ کھیل رہے ہو تو سکیورٹی تھریٹ کا ثبوت دکھانا چاہیے۔آسٹریلین کمنٹیٹر مائیک ہیزمین نے انگلینڈ کی جانب سے دورہ منسوخی پر گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا کہ پاکستان نے مشکل وقت میں انگلینڈ کا دورہ کیا، انگلینڈ میں جب کورونا عروج پر تھا تو پاکستانی کھلاڑیوں نے اپنی جان خطرے میں ڈال کر دورہ کیا لیکن انگلینڈ نے پاکستان کا دورہ منسوخ کرکے ایک شرمناک فیصلہ کیا۔ان کا کہنا تھا کہ آئی سی سی کو ان معاملات کو دیکھنا چاہیے کیونکہ انگلینڈ جوبھی کر رہا ہے وہ ناقابل قبول ہے۔انھوں نے کہا کہ میں نے جنوبی افریقا میں کام کیا تو اس وقت بھی انگلینڈ کو دورہ منسوخ کرتے ہوئے دیکھا، انگلینڈ کے کھلاڑی جنوبی افریقا پہنچے اور کورونا کا بہانا کر دورہ منسوخ کر دیا، کوئی ایک کھلاڑی بھی کورونا مثبت نہیں ہوا لیکن انگلینڈ نے پھر بھی کھیلنے سے انکار کر دیا۔آسٹریلین کمنٹیٹر کا کہنا تھا کہ حال ہی میں جب جنوبی افریقا نے پاکستان کا دورہ کیا تب بھی میں پاکستان میں موجود تھا، جنوبی افریقی کھلاڑیوں نیکہا کہ انہیں پاکستان میں سکیورٹی کا کوئی مسئلہ نہیں۔مائیک ہیرمین نے کہا کہ مجھے پاکستان میں خطرہ محسوس ہوتا تو میں نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں کمنٹری کرنے کے لیے نہ آتا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں لوگ بہت پیار کرنے والے ہیں، میں نے پاکستان میں کام کرکے ہمیشہ خوشی محسوس کی ہے، پاکستان میں کرکٹ کے قدرتی ٹیلنٹ سے کافی متاثر ہوں۔ مائیک ہیزمین نے دوران گفتگو پاکستانی کرکٹرز کی صلاحیتوں کو بھی سراہا اور کہا کہ پاکستان کے کرکٹرز دنیا کے دیگر کھلاڑیوں کی نسبت مختلف صلاحیتیں رکھتے ہیں۔پاکستانی کرکٹرز کا بیٹنگ اور بولنگ اسٹائل مختلف ہے جو دنیا میں کہیں نظر نہیں آتا، جب بھی پاکستان آتا ہوں تو 2 ،3 نئے باصلاحیت کھلاڑی ملتے ہیں جو کہ خوش آئند بات ہے۔آسٹریلین کمنٹیٹر کا مزید کہنا تھا کہ نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کو بھرپور طریقے سے انجوائے کر رہا ہوں اور اس مشکل موقع میں پاکستان کرکٹ کے ساتھ کھڑا ہوں، ساتھ ہی دنیا کو بتانا چاہتا ہوں کہ پاکستان کرکٹ کے لیے دیگر ممالک کی طرح محفوظ ہے۔

Related Articles