میں کانگریسی تھا، ہوں اوررہوں گا:اجے سنگھ

بھوپال،ستمبر .کانگریس کے سینئر لیڈر اور مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اجے سنگھ نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رہنماؤں سے اپنی حالیہ ملاقات کے حوالے سے میڈیا میں جاری قیاس آرائیوں کے تناظر میں آج واضح کرتے ہوئے کہا کہ وہ کانگریسی تھے ہیں اوررہیں گے۔یہاں ایک بیان میں مسٹر سنگھ نے کہا کہ وہ ان کے بی جے پی میں شامل ہونے کی قیاس آرائیوں کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہیں۔ وہ خود کو ہمیشہ سے کانگریس کا سپاہی کہتے آئے ہیں۔ سینئر کانگریس لیڈرمسٹر سنگھ اپنے والد اور سینئر لیڈر ارجن سنگھ کو یاد کرتے ہوئےکہا کہ وہ ہمیشہ ہم آہنگی کے ساتھ سب کو ساتھ لے کر چلنے کی نصیحت دیتے تھے۔ انہیں یہ وراثت میں ملی ہے۔مسٹر سنگھ نے کہا ، میں اپنے والد کے خیالات کے خلاف جا کر تنقید کا حصہ نہیں بننا چاہتا۔ میں ان کی روایت کو جاری رکھتا ہوں۔ میں روح سے کانگریسی تھا، کانگریسی ہوں اور کانگریسی رہوں گا۔ جو لوگ ایسا سوچ رہے ہیں کہ میں بی جے پی میں جاسکتا ہوں، ان تمام لوگوں سے میری عاجزانہ درخواست ہے کہ وہ اس خیال کوترک کر دیں۔ میری وابستگی کانگریس پارٹی کے ساتھ ہے۔دراصل مسٹر اجے نے کچھ عرصہ قبل یہاں وزیر داخلہ ڈاکٹر نروتم مشرا سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی تھی۔ اس کے بعد مسٹر مشرا اور بی جے پی کے سینئر لیڈر کیلاش وجے ورگیہ دو دن قبل مسٹر سنگھ کی رہائش گاہ پر پہنچے اور انہیں سالگرہ کی مبارکباد دی۔ اس کے بعد سے سیاسی حلقوں اور میڈیا میں طرح طرح کی قیاس آرائیاں جاری تھیں۔ تاہم مسٹر سنگھ نے پہلے بھی کہا تھا کہ وہ اپنے علاقے کی ترقی کے سلسلے میں ڈاکٹر مشرا سے ملاقات کی تھی۔

Related Articles