پوری طاقت سے ایک بار پھر کرکٹ کو چھن جانے سے روکیں گے: وسیم اکرم

کراچی،ستمبر۔نیوزی لینڈ کی جانب سے دورہ پاکستان منسوخ ہونے کے بعد پاکستانی ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم کا ایک اور بیان سامنے آ گیا ہے۔نیوزی لینڈ نے 17 ستمبر کو پاکستان کے خلاف پہلے میچ سے قبل سکیورٹی وجوہات کو جواز بنا کر دورہ منسوخ کر دیا تھا۔کرکٹ حلقوں کی جانب سے جہاں نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کے فیصلے پر حیرانی کا اظہار کیا گیا وہیں پاکستانی کرکٹرز کی جانب سے اس فیصلے کو پاکستان کرکٹ کے لیے بڑا دھچکا بھی قرار دیا گیا۔اب اس حوالے سے پاکستانی ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم کا تازہ بیان سامنے آیا ہے۔وسیم اکرم کا کہنا ہے کہ کرکٹ ہمارے لیے کھیل سے بڑھ کر ہے، پوری طاقت سے ایک بار پھر کرکٹ کو چھن جانے سے روکیں گے۔سابق کپتان پاکستانی ٹیم کا کہنا ہے کہ دنیا کو ہمیں ایک موقع دینا چاہیے، دنیا ہماری سکیورٹی فورسز کی طاقت کا غلط اندازہ لگاتی ہے۔دوسری جانب سابق بھارتی ٹیسٹ کرکٹر مرلی کارتک نے بھی پاک نیوزی لینڈ کرکٹ سیریز منسوخ ہونے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔مرلی کارتک کا کہنا ہے کہ پاک نیوزی لینڈ سیریز منسوخ ہونا بدقسمتی ہے، ہمیں پاکستان کا دورہ کرنا بہت پسند تھا۔سابق بھارتی کرکٹر نے کہا کہ پاک نیوزی لینڈ سیریز منسوخ ہونے کے بعد چیزیں جلد بدل جائیں گی۔

Related Articles