راجستھان : روڈویز-بولیرو میں ٹکر،چار خواتین کی موت،10زخمی
باڑمیر،ستمبر, راجستھان کے ضلع باڑ میر میں قومی شاہراہ پر کشال واٹیکا کے قریب ایک بولیرو کیمپر اور راجستھان ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی بس میں ٹکر ہوجانے سے چار خواتین کی موت ہوگئی اور10دیگر زخمی ہوگئے۔موصولہ اطلاعات کے مطابق ہلاک شدگان اور زخمی سبھی سدا بیری نامی علاقہ کے رہنے والے ہیں، جو بولیروہ کیمپر سے لوہا وٹ دیوی دیوتا کے درشن کرکے اپنے گاو¿ں لوٹ رہے تھے۔تفصیلات کے مطابق چوہٹن چوراہے سے نکل کر کچھ کلو میٹر کے فاصلہ پر سامنے سے آرہی روڈویز بس کی آمنے سامنے بولیرو سے ٹکر ہوگئی۔ بس سے ٹکرانے کے بعد بولیرو کے پڑخچے اڑگئے۔بولیرو میں بچے اور خواتین سمیت 18افراد سوار تھے۔ان میں سے چار خواتین کی موت ہوگئی۔عینی شاہدین نے بتایا کہ ٹکر اتنی شدید تھی کہ بولیرو کا عقبی حصہ 200فٹ دور جاکر گرا۔بولیرو میں سفر کرنے والی سریتا(20)،والی دیوی(45)،بھنوری دیوی(22) اور پپو دیوی (40) کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔زخمی ہونے والے10افراد کو ضلع اسپتال میں داخل کرایا گیاہے جبکہ سنگین طور سے ایک زخمی کو جودھ پور منتقل کیا گیاہے۔رات کے تقریبا 12بجے ایڈیشنل پولیس سپرنٹنڈنٹ نرپت سنگھ اور صدر پولیس ذاکر حسین موقع پر پہنچ کر جائزہ لیا۔حادثہ کی اطلاع ملنے پر ضلع کلکٹر لوک بندھو اور ضلع پولیس سپرنٹنڈنٹ آنند شرما بھی موقع پر پہونچے اور ڈاکٹروں سے زخمیوں کی حالت کے بارے میں پوچھ گچھ کی۔