سعودی عرب: 1.5 کروڑ افراد نے کرونا ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوا لیں

ریاض،۴؍ستمبر,سعودی عرب میں تقریبا 1.53 کروڑ افراد کو منظور شدہ کرونا ویکسین کی دو خوراکیں دی جا چکی ہیں۔ اس دوران "توکلنا” ایپلی کیشن کے ذریعے اندراج میں مرد اور خواتین اساتذہ اور اسکولوں کے طلبہ کو ترجیح دی جا رہی ہے۔ اس کا مقصد مذکورہ طلبہ کو ویکسین دیے جانے کا عمل تیز کرنا ہے تا کہ وہ اسکولوں میں جلد از جلد حاضر ہو سکیں۔دوسری جانب سعودی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ مملکت میں منظور شدہ کرونا ویکسین کے بیچ تبدیلی کا طریقہ کار محفوظ اور مؤثر ہے۔ اس کے نتیجے میں قوت مدافعت کی زیادہ بہتر صورت سامنے آ رہی ہے۔وزارت صحت نے گذشتہ روز جمعہ 3 ستمبر کو اعلان میں بتایا تھا کہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 174 متاثرین کا اندراج ہوا۔ اس طرح سعودی عرب میں اس وبائی مرض کے مجموعی کیسوں کی تعداد 544985 ہو گئی۔وزارت کے مطابق جمعے کے روز مزید 202 مریض شفایاب ہوئے۔ اس طرح شفایاب ہونے والے مریضوں کی مجموعی تعداد 533632 ہو گئی ہے۔ علاوہ ازیں 24 گھنٹوں کے دوران میں 5 مزید متاثرین فوت ہو گئے۔ اس طرح مملکت میں اس وبائی مرض کا شکار ہو کر اب تک کْل 8565 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو چکے ہیں۔ اس وقت مملکت میں کرونا کے فعال کیسوں کی تعداد 2788 ہے جن میں 803 کی حالت تشویش ناک ہے۔

Related Articles