تلنگانہ:نوجوانوں نے چوروں کو پکڑکر پولیس کے حوالے کردیا

حیدرآباد، 2ستمبر ,گھر میں چوری کے بعد فرار ہونے والے چوروں کو نوجوانوں نے پکڑلیا۔یہ چور آٹو میں فرار ہورہے تھے کہ نوجوانوں نے کار میں ان کا تعاقب کیا اور ان کو پکڑنے میں کامیابی حاصل کی۔بعد ازاں ان چوروں کو پولیس کے حوالے کردیاگیا۔یہ واقعہ تلنگانہ کے ضلع سنگاریڈی کے کوہیر میں پیش آیا۔اس واقعہ کا ویڈیو سوشیل میڈیا پر تیزی کے ساتھ وائرل ہوگیا۔یہ ویڈیو اُن نوجوانوں نے بنایا ہے جنہوں نے چوروں کا تعاقب اپنی کار میں کیا۔ظہیرآباد رورل پولیس اسٹیشن میں اس خصوص میں ایک معاملہ درج کرلیاگیا ہے۔تفصیلات کے مطابق دگوال گاوں میں چوری کی یہ واردات پیش آئی۔یہ چور، مکان میں چوری کے بعد آٹو کے ذریعہ فرارہونے کی کوشش کررہے تھے۔اسی دوران مقامی افراد نے ان چوروں کو دیکھ لیا اور پھر ساجد نامی شخص اپنے دوستوں کے ساتھ ان چوروں کو پکڑنے کے لئے کار میں روانہ ہوئے۔اسی دوران اس بات کی اطلاع پولیس کو بھی دی گئی۔چوروں کے حملہ میں زخمی ساجد نے کہا کہ ظہیرآباد منڈل کے ہوگیلی بائی پاس کے قریب یہ چورآٹو میں سوار ہوکر روانہ ہوئے۔چوروں کو پکڑنے کی کوشش کے دوران ان کو چوروں نے ریوالورسے دھمکانے کی کوشش کی اور چاقو سے ان پر حملہ کردیا تاہم ساجد اور ان کے ساتھیوں نے کافی کوششوں کے بعد تین چوروں کو پکڑلیا اور پھر ان کو ظہیرآباد رورل پولیس کے حوالے کردیا جبکہ مزید دو فرار ہونے میں کامیاب رہے۔چوروں کو پکڑنے کے لئے ہمت دکھانے والے ساجد اور ان کے ساتھیوں کی پولیس نے ستائش کی۔

Related Articles