ساتویں نمبر پر بلے بازی سے ٹیم کی قیادت ممکن نہیں :گمبھیر

نئی دہلی ،راجستھان رائلز کے خلاف ایک بڑے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے ساتویں نمبر پر بیٹنگ کرنے اترے چنئی سپر کنگز کے کپتان مہندر سنگھ دھونی پر تنقید کرتے ہوئے سابق ہندوستانی بلے باز گوتم گمبھیر نے کہا کہ ماہی کا اتنے اہم موقع پر نچلے آرڈر پر بلے بازی کے لئے اترنا سمجھ سے بالاتر ہے۔
ہندوستانی ٹیم کے سابق اوپنر گوتم گمبھیر کے مطابق ، ایم ایس دھونی کو منگل کو راجستھان رائلز کے خلاف میچ میں ٹاپ آرڈر میں بیٹنگ کرنا چاہئے تھی۔ اس میچ میں راجستھان رائلز نے چنئی کو 16 رنز سے شکست دی۔ ساتویں نمبر پر دھونی بیٹنگ کرنے آئے تھے ۔۔ دھونی نے آخری اوور میں ہٹ کرنے کی کوشش کی، لیکن اس وقت تک بہت دیر ہوچکی تھی۔
گمبھیر نے کہا کہ سچ کہوں تو میں ساتویں نمبر پر دھونی کی بیٹنگ کو سمجھ نہیں پایا ۔ انہوں نے پہلے ریتوراج گائکواڈ اور سیم کیرن کو بھیجا۔ وہ خود ساتویں نمبر پر آئے۔ دھونی کو آگے آکر قیادت کا مظاہرہ کرنا چاہئے تھا۔ 217 ہدف اور دھونی ساتویں نمبر پر! مجھے اس کی کوئی وجہ نظر نہیں آرہی ہے۔
دھونی نے آخری اوور میں بولرز کو نشانہ بنانے کی کوشش کی لیکن تب تک بہت دیر ہوچکی تھی۔ 2010 کے بعد یہ پہلا موقع تھا جب راجستھان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے چنئی کو شکست دی ۔ گمبھیر نے کہا کہ آپ آخری اوور کے بارے میں بات کر سکتے ہیں۔ دھونی نے تین چھکے لگائے۔ لیکن ان کا کوئی فائدہ نہیں ہوا۔ اگر کوئی دوسرا کپتان یہ کام کرتا تو اسے کافی تنقید کا سامنا کرنا پڑتا۔
دھونی نے ساتویں نمبر پر بیٹنگ کے اپنے فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ میں زیادہ دن سے بیٹنگ نہیں کر رہا ہوں۔گمبھیر نے کہا کہ مجھے قدرے حیرت ہوئی۔ دھونی کا اپنی جگہ ریتوراج گائکواڈ اور سیم کیرن کو بھیجنا اور خود ساتویں نمبر پر بیٹنگ کرنا سمجھ سے بالاتر ہے۔ اسے ٹیم کو سامنے سے رہنمائی کرنی چاہئے تھی اور ایسا نہیں تھا۔ 217 رنز جیسے بڑے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے ساتویں نمبر پر بیٹنگ کرنا ٹھیک نہیں تھا۔ فاف ڈو پلیسیس تن تنہا لڑ رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ آپ دھونی کے آخری اوور کی بات کرسکتے ہیں جس میں انہوں نے تین چھکے لگائے تھے۔ لیکن ایمانداری سے اس کا کوئی مطلب نہیں ہے۔ یہ صرف ان کے ذاتی رن تھے۔ دھونی کی بجائے کوئی اور بلے باز یہ کام کرسکتا تھا۔ دھونی میں صلاحیت ہے اس لئے لوگ ان کے بارے میں بات کیوں نہیں کریں۔
گمبھیر نے دھونی پر یہ کہتے ہوئے تنقید کی کہ جب آپ کے پاس ٹیم میں سریش رینا نہیں ہیں ، تو آپ (دھونی) لوگوں کو یقین دلارہے ہیں کہ سیم کیرن دھونی سے بہتر ہیں۔ آپ لوگوں کو یہ باور کرا رہے ہیں کہ گائیکواڈ ، کیرن ، کیدار جادھاو ، ڈو پلیسیس اور مرلی وجے آپ سے بہتر ہیں۔ یہ واقعی حیرت کی بات ہے۔

Related Articles