ایرانی جنگی جہاز بحیرہ احمر میں گشت کر رہے ہیں: اسرائیل
ایتھنز ،جولائی ۔ منگل کو اسرائیلی وزیر دفاع بینی گینٹز نے انکشاف کیا ہے کہ حالیہ مہینوں میں ایرانی جنگی جہازوں نے بحیرہ احمر میں گشت کیا ہے۔ اسرائیل نے ایرانی جنگی جہازوں کے گشت کو علاقائی استحکام کے لیے خطرہ قرار دیا ہے۔وزیر دفاع بینی گینٹز نے یونانی دارالحکومت ایتھنز میں ایک گول میزکانفرنس میں کہا کہ ’آج ہم اس بات کی تصدیق کر سکتے ہیں کہ ایران منظم طریقے سے بحیرہ احمر میں جنگی جہازوں کے ساتھ جنوبی علاقے میں گشت کر رہا ہے‘۔انہوں نے مزید کہا کہ گذشتہ مہینوں میں ہم نے گذشتہ دہائی میں خطے میں سب سے اہم ایرانی فوجی موجودگی کی نشاندہی کی ہے۔گینٹز کے دفتر نے کہا کہ اس نے بحیرہ احمر میں گشت کرنے والے چار ایرانی جنگی جہازوں کی سیٹلائٹ تصاویر فراہم کی ہیں۔ایک اہلکار نے بتایا کہ اسرائیلی وزیر اعظم یائیر لپیڈ نے منگل کو فرانسیسی صدر عمانویل میکرون سے بات کی۔ انہوں نے فرانسیسی صدر پر ایران کے جوہری مذاکرات پر سخت موقف اختیار کرنے کے لیے دباؤ ڈالا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ تہران کی حمایت یافتہ لبنانی ملیشیا حزب اللہ آگ سے کھیل رہی ہے۔گذشتہ ہفتے عبوری وزیر اعظم کا عہدہ سنبھالنے کے بعد لپیڈ کا فرانس کا پہلا غیر ملکی دورہ ہے۔