دیپک جوشی اختیار کریں گے کانگریس کی رکنیت، کانگریس نے کیں استقبال کی تیاریاں
بھوپال، مئی۔مدھیہ پردیش میں حکمراں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سابق ایم ایل اے اور سابق وزیر اعلیٰ کیلاش جوشی کے بیٹے دیپک جوشی آج یہاں پہلے اعلان کےمطابق ریاستی کانگریس صدر کمل ناتھ کی موجودگی میں باضابطہ طور پر کانگریس میں شامل ہو جائیں گے۔ اسمبلی انتخابات کے اس سال میں مسٹر جوشی کے کانگریس میں آنے کو ایک اہم سیاسی واقعہ کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔مسٹر جوشی کے استقبال کی تیاریوں کے لیے یہاں ریاستی کانگریس کے دفتر پر بینر پوسٹر بھی لگائے گئے ہیں۔ قبل ازیں مسٹر جوشی نے کل اپنے آبائی ضلع دیواس میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ کانگریس میں شامل ہونے کے اپنے فیصلے پر قائم ہیں۔ اس دوران انہوں نے حکمراں جماعت بی جے پی اور اس کے لیڈروں پر کئی الزامات لگائے اور کہا کہ انہیں اور ان کے خاندان کو مسلسل نظر انداز کیا جا رہا ہے۔آج ایک ٹویٹ کے ذریعے اپنے ارادوں کا اظہار کرتے ہوئے مسٹر جوشی نے لکھا ہے “وقت سب کچھ ثابت کر دے گا۔ ایمانداری میری میراث ہے، میرا سرمایہ ہے، یہ میرے ساتھ ہے۔ پرنام پیتاجی، جئے ہند۔ جئے پرشورام۔ جئے شری رام۔‘‘اس سے قبل مرکز اور ریاست میں حکمراں جماعت بی جے پی نے مسٹر جوشی کو بی جے پی میں برقرار رکھنے کی پوری کوشش کی، لیکن وہ کامیاب نہیں ہوسکے۔ مسٹر جوشی نے یکم مئی کو عوامی طور پر باغی رویہ دکھایا اور کانگریس میں شامل ہونے کا اشارہ دیا۔ اس کے بعد سے کئی سینئر لیڈروں نے مسٹر جوشی سے بات کی تاکہ انہیں راضی کیا جا سکے لیکن وہ نہیں مانے اور لیڈروں کے پاس اپنی شکایتیں بھی درج کرائیں۔