برف و باراں: وادی کے سیاحتی مقامات پر سیلانیوں کا رش

سری نگر،اپریل۔ وادی کشمیر میں تازہ برف باری کے بعد سیاحتی مقامات خاص کر گلمرگ میں سینکڑوں کی تعداد میں مقامی و غیر مقامی سیاح جمع ہوئے ہیں اور سیاحوں کی آمد کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔وادی کے سیاحتی مقامات پر سیاحوں کی بڑی تعداد میں آمدسے شعبہ سیاحت سے وابستہ لوگوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔اس شعبے سے وابستہ لوگوں کا کہنا ہے کہ وادی کے باقی سیاحتی مقامات پر سیاحوں کی بڑی تعداد جمع ہوئی ہے اور سیاحوں کے آنے کا سلسلہ جاری ہے۔انہوں نے کہاکہ سیاحوں کی آمد میں اضافہ ہونے سے شعبہ سیاحت کی جان میں نئی جان آگئی ہے۔گلمرگ میں ایک ہوٹل مالک نے یو این آئی اردو کو بتایا کہ سیاحتی مقامات پر سیاحوں کا بھاری رش ہے۔انہوں نے بتایا کہ تازہ برف باری کے بعد ہوٹلوں اور ٹوریسٹ ہٹوں میں نئی بکنگ کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ملک بھر سے سیاحوں کی آمد کا سلسلہ زوروں سے جاری ہے اور پہلے ہی یہاں کافی تعداد میں مقامی اور غیر مقامی سیاح موجود ہیں۔موصوف نے کہاکہ تازہ برف باری سے سیاحوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے وہیں شعبہ سیاحت سے جڑے لوگوں کی جان میں بھی نئی جان آگئی ہے۔ ادھر سیاحت سے جڑے ٹورسٹ گائڈوں، ہوٹل مالکان، رستوران والوں ، شکارہ اور ہاوس بوٹ والوں کے علاوہ کشمیری دستکاری سے وابستہ افراد میں بھی اس بات پر اطمینان پایا جارہا ہے کہ وادی میں سیاح کافی تعداد میں آرہے ہیں جس سے ان کا روزگار چل رہا ہے۔

 

Related Articles