ولیمسن فٹ نہ ہونے کی صورت میں ورلڈ کپ میں نیوزی لینڈ کے مینٹور ہوسکتے ہیں
راولپنڈی، اپریل ۔ نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن ممکنہ طور پر ہندوستان میں اکتوبر-نومبر میں منعقد ہونے والے ون ڈے ورلڈ کپ کے لیے فٹ نہ ہونے کی صورت میں پریمیئر ایونٹ میں کیویز کے مینٹور ہوسکتے ہیں۔واضح رہے کہ ولیمسن انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے 2023 سیزن کے افتتاحی میچ کے دوران دائیں گھٹنے میں فریکچر ہونے کے بعد ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئے تھے اور بیساکھیوں کی مدد سے گھر واپس لوٹے تھے۔ ولیمسن نے بعد میں اپنے گھٹنے کی سرجری کروائی اور فی الحال بحالی کے عمل سے گزر رہے ہیں۔ای ایس پی این کرک انفو کی ایک رپورٹ کے مطابق نیوزی لینڈ کے کوچ گیری اسٹیڈ نے کہاکہ ’’ورلڈ کپ کے تعلق سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے، ان کی سرجری ہوئی ہے اور جہاں تک ہم جانتے ہیں وہ کامیاب رہی ہے۔ ابھی ہم بحالی کے عمل کے ابتدائی مراحل میں ہیں۔ان کے لیے ون ڈے ورلڈ کپ میں کھیلنا مشکل ہے، لیکن ہم ان جیسے کھلاڑی کو مسترد نہیں کرنا چاہتے۔ وہ جو چیزیں ٹیم میں لاتے ہیں، ہم اس چھوٹے امکان کو رد نہیں کر سکتے۔ ہاں، یقیناً ایک سرپرست کے طور پر ہندوستان آسکتے ہیں۔ون ڈے ورلڈ کپ 5 اکتوبر سے شروع ہو کر 19 نومبر کو ختم ہونے کا امکان ہے۔ یہ ٹورنامنٹ 12 ہندوستانی شہروں میں کھیلا جائے گا، لیکن انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ابھی تک سرکاری شیڈول جاری نہیں کیا ہے۔ عام طور پر آئی سی سی ورلڈ کپ کے شیڈول کا اعلان کم از کم ایک سال پہلے کرتا ہے، لیکن اس بار اسے بی سی سی آئی کی جانب سے ہندوستانی حکومت سے ضروری منظوری ملنے کا انتظار ہے۔ نیوزی لینڈ کی طویل مدتی منصوبہ بندی سرکاری شیڈول کی عدم موجودگی کی وجہ سے کسی حد تک محدود ہو گئی ہے۔اسٹیڈ نے کہاکہ یہ (شیڈول) ابھی جاری نہیں ہوا ہے، اس لیے ہم اس کے بارے میں زیادہ کچھ نہیں کر سکتے۔ ابھی پلانز کو حتمی شکل دینا مشکل ہے۔‘‘