نیمار سمیت 3 کھلاڑی کورونا وائرس سے متاثر
ریو ، فرانس کے مشہور کلب پیرس سینٹ جرمین (پی ایس جی) میں برازیل کے مشہور فٹبالر نیمار سمیت کلب کے 3 کھلاڑی کورونا وائرس کا شکار ہو گئے ہیں۔پی ایس جی کی جانب سے جاری بیان میں کہا کہ پیرس سینٹ جرمین کے تین کھلاڑیوں کے کورونا وائرس کے ٹیسٹ مثبت آگئے ہیں اور وہ صحت کے پروٹوکول پر عمل کریں گے۔انہوں نے کہا کہ تمام کھلاڑیوں اور کوچنگ اسٹاف آنے والے دنوں میں ٹیسٹ کے عمل سے گزریں گے۔
البتہ ذرائع نے تصدیق کی کہ ان تین کھلاڑیوں میں نیمار بھی شامل ہیں جبکہ دیگر دو کھلاڑیوں میں اینجل ڈی مریا اور لیانڈرو پیریڈیس کے ٹیسٹ بھی مثبت آئے ہیں۔چمپیئنز لیگ کے فائنل میں بایرن میونخ کے ہاتھوں شکست کے بعد پی ایس جی کے کھلاڑی اسپین میں جزیرے پر چھٹیاں منانے کے لیے گئے تھے اور ممکنہ طور پر وہیں وائرس کا شکار ہوئے۔
اس خبر کے بعد فرانسیسی چمپیئن کلب مشکلات کا شکار ہو گیا ہے جسے اگلے ہفتے سے لیگ میں اپنی مہم کا آغاز کرنا ہے البتہ اب 10 ستمبر کو شیڈول اس میچ کو ملتوی کیے جانے کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔