این بیرن سنگھ نے موبائل ٹیسٹ گاڑیوں کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا
امپھال، اپریل۔منی پور کے وزیر اعلیٰ این برین سنگھ نے پیر کو وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ سے چھ موبائل انٹیگریٹڈ کونسلنگ اینڈ ٹیسٹنگ سینٹر (آئی سی ٹی سی) وین کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔چھ موبائل آئی سی ٹی سی وین چار وادی اضلاع امپھال ایسٹ، امپھال ویسٹ، بشنو پور اور تھوبل اور دو پہاڑی اضلاع چوراچند پور اور سیناپتی میں چلائی جائیں گی۔موبائل آئی سی ٹی سی وین کے ذریعے دور دراز علاقوں کے لوگوں کو صحت سے متعلق سہولیات فراہم کی جاتی ہیں۔ اس وین میں پیرا میڈیکل ہیلتھ کیئر پرووائیڈرز (ہیلتھ ایجوکیٹرز، اے این ایمز، کونسلرز اور ایل ٹی) کی ایک ٹیم موجود ہوگی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ منی پور میں منشیات کا مسئلہ صرف منشیات کو ضبط کرنے اور افیون کے باغات کو تباہ کرنے سے حل نہیں ہو سکتا بلکہ منشیات کے عادی افراد کی باز آبادکاری کے پروگرام بھی ضروری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایچ آئی وی کے پھیلاؤ میں کمی آئی ہے تاہم ابھی بھی متاثرہ افراد کے مناسب علاج کی ضرورت ہے۔مسٹر سنگھ نے کہا کہ یہاں کی تنگ سڑکوں کو دیکھتے ہوئے ایک چھوٹی وین فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ منشیات سے دور رہیں کیونکہ اس نے لوگوں کی زندگیوں کو کئی طرح سے متاثر کیا ہے۔