آئی پی ایل کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر کوہلی پر جرمانہ

بنگلورو، اپریل ۔رائل چیلنجرز بنگلور (آر سی بی) کے بلے باز وراٹ کوہلی پر چنئی سپر کنگز (سی ایس کے) کے خلاف انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے میچ کے دوران آئی پی ایل ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر ان کی میچ فیس کا 10 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا۔بھارتیہ کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) کی جانب سے پیر کو جاری کردہ ایک بیان کے مطابق، کوہلی نے آئی پی ایل کے ضابطہ اخلاق کے آرٹیکل 2.2 کے تحت ضابطوں کی خلاف ورزی کی۔بیان میں واقعے کی مکمل تفصیلات نہیں دی گئی، حالانکہ اس کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ کوہلی نے سی ایس کے کے مڈل آرڈر بلے باز شیوم دوبے کے آؤٹ ہونے پر حد سے زیادہ پرجوش انداز میں جشن منایا، جس کی وجہ سے ان پر جرمانہ عائد کیا گیا۔دوبے نے 27 گیندوں پر 52 رنز کی اننگز کھیل کر سی ایس کے کو 20 اوورز میں 226 رنز کے بڑے اسکور تک پہنچایا، جس کے جواب میں آر سی بی صرف 218 رنز ہی بنا سکی۔کوہلی نے آئی پی ایل کوڈ آف کنڈکٹ کے آرٹیکل 2.2 کے تحت اپنے جرم کا اعتراف کیا۔بیان میں کہا گیا ہے کہ ضابطہ اخلاق کی سطح 1 کی خلاف ورزی پر میچ ریفری کا فیصلہ حتمی ہوتا ہے۔ آر سی بی کا اگلا مقابلہ 20 اپریل کو موہالی میں پنجاب کنگز سے ہوگا۔

 

Related Articles