سری نگر میں آگ کی دو الگ الگ واردارتوں میں 4 رہائشی مکان اور کیفے شاپ کو نقصان

سری نگر، اپریل۔جموں وکشمیر کی گرمائی راجدھانی سری نگر میں آگ کی دو الگ الگ وارداتوں میں چار رہائشی مکان اور ایک کیفے شاپ کو نقصان پہنچا۔اطلاعات کے مطابق شہر خاص کے گنجان آبادی والے علاقے علمگری بازار میں اتوار اعلیٰ الصبح رہائشی مکان سے آگ نمودار ہوئی جس نے آناً فاناً اپنے متصل مزید تین مکانوں کو لپیٹ میں لے لیا۔فائر اینڈ ایمرجنسی اور مقامی لوگوں کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں گر چہ آگ پر قابو پایا گیا تاہم آتشزدگی کی اس واردات میں چار رہائشی مکانوں کو نقصان پہنچا۔نامہ نگار نے بتایا کہ آگ کی اس واردات میں لاکھوں روپیہ مالیت کی اشیاءراکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوئی۔دریں اثنا وزیر باغ سری نگر میں بھی اتوار کے روز کیفے شاپ سے آگ نمودار ہوئی تاہم فائر اینڈ ایمرجنسی عملے کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں آگ پر قابو پایا گیا۔فائر اینڈ ایمرجنسی کے ایک سینئر عہدیدار نے یو این آئی اردو کو بتایا کہ سری نگر کے علمگری بازار علاقے میں اتوار صبح چھ بجے کے قریب رہائشی مکان سے آگ نمودار ہوئی جس نے اپنے متصل مزید دو مکانوں کو لپیٹ میں لے لیا۔انہوں نے بتایا کہ فائر اینڈ ایمرجنسی عملے کی انتھک کوشش اور نو فائر ٹینڈروں کی مدد سے آگ پر قابو پایا گیا۔ان کے مطابق گنجان آبادی کے باعث تین رہائشی مکانوں کو نقصان پہنچا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کے دوران منکشف ہوا کہ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے آگ نمودار ہوئی۔معلوم ہوا ہے کہ آگ کی اس واردات کے دوران پرویز احمد میر ولد مرحوم غلام محی الدین میر، ظفر احمد ملہ ولد علی محمد ملہ ، دلاور حیسن ملہ ولد علی محمد ملہ اور غلام احمد ڈار ولد محمد سلطان ڈار کے رہائشی مکانوں کو نقصا ن پہنچا ہے۔

Related Articles