شکیب ون ڈے میں 7000 رنز اور 300 وکٹیں حاصل کرنے والے تیسرے کھلاڑی بنے

ڈھاکہ، مارچ ۔شکیب الحسن نے ہفتہ کے روزسلہٹ میں آئرلینڈ کے خلاف سیریز کے پہلے ون ڈے میں 89 گیندوں پر 93 رنز بنائے۔ اس دوران انہوں نے ون ڈے کرکٹ میں اپنے 7000 رنز بھی مکمل کر لیے۔اس کے ساتھ وہ ون ڈے کرکٹ میں 7000 رنز بنانے اور 300 وکٹیں لینے والے تیسرے کھلاڑی بھی بن گئے ہیں۔ شکیب یہ سنگ میل عبور کرنے والے بنگلہ دیش کے دوسرے کھلاڑی ہیں۔ ان سے پہلے اوپنر تمیم اقبال یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔ لیکن شکیب تمیم کو پیچھے چھوڑ کر سب سے زیادہ اوسط سے 7000 رنز مکمل کرنے والے بنگلہ دیشی بلے باز بن گئے۔شکیب الحسن آئرلینڈ کے خلاف ہفتہ کے روز کھیلے گئے میچ سے پہلے ون ڈے میں سات ہزار رن بنانے سے صرف 24 رن دور تھے ۔انہوں نے جیسے ہی 7000 رنز کا ہندسہ چھو لیا، وہ ون ڈے کرکٹ کی تاریخ میں 7000 رنز اور 300 وکٹوں کا ڈبلز مکمل کرنے والے دنیا کے تیسرے کھلاڑی بن گئے۔ انہوں نے یہ کارنامہ اپنے کیریئر کے 228ویں ون ڈے کی 216ویں اننگز میں انجام دیا۔ ان سے پہلے صرف پاکستان کے شاہد آفریدی (8064 رنز، 395 وکٹیں) اور سری لنکا کے سنتھ جے سوریہ (13430 رنز، 323 وکٹیں) ون ڈے کرکٹ میں اس مقام تک پہنچ سکے تھے۔ شکیب کی یہ لگاتار تیسری ون ڈے ففٹی بھی تھی۔شاندار فارم میں موجود شکیب نے ون ڈے میں مسلسل تیسری نصف سنچری مکمل کی۔ انہوں نے اپنے کیریئر کی 53ویں نصف سنچری مکمل کرنے کے لیے 65 گیندوں کا سامنا کیا۔ اس دوران انہوں نے 2 چوکے لگائے۔وہ پہلے ہی ون ڈے میں بنگلہ دیش کے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے گیندباز ہیں۔شکیب کی اننگز کی بدولت بنگلہ دیش نے 338/8 کا اسکور بنایا۔

Related Articles