انفلوئنزا H3N2 کے خطرے کے پیش نظر وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کی میٹنگ
ممبئی، مارچ ۔دہلی، گجرات، مہاراشٹر سمیت ملک کی کئی ریاستوں میں H3N2 وائرس کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔ اس وائرس سے ملک میں اب تک 9 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ساتھ ہی اس وائرس کا سب سے زیادہ اثر مہاراشٹر میں ہے۔ اب تک یہاں وائرس کے 352 کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ بی ایم سی کے مطابق، ممبئی میں 32 مریض داخل ہیں، جن میں سے 4 H3N2 اور 28 H1N1 مریض ہیں۔ ان تمام مریضوں کی حالت فی الحال مستحکم ہے۔ ریاست میں انفلوئنزا H3N2 کے خطرے کے پیش نظر وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے آج صحت کے حکام کے ساتھ میٹنگ کریں گے۔ نائب وزیر اعلی دیویندر فڑنویس اور وزیر صحت تانا جی ساونت بھی میٹنگ میں موجود رہیں گے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق مہاراشٹر میں اس وائرس سے اب تک مبینہ طور پر دو لوگوں کی موت ہو چکی ہے۔ ان میں احمد نگر میں میڈیسن کی تعلیم حاصل کرنے والا ایک نوجوان گزشتہ ہفتے اپنے دوستوں کے ساتھ گھومنے پھرنے علی باغ گیا تھا۔ وہاں سے واپس آنے کے بعد اس کی طبیعت خراب ہونے لگی تھی۔ریاستی وزیر صحت تانا جی ساونت نے کہا کہ H3N2 وائرس سے متاثرہ مریضوں کا علاج کیا جا رہا ہے اور اسپتالوں کو چوکس کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ H3N2 وائرس مہلک نہیں ہے اور اسے علاج کے ذریعے ٹھیک کیا جا سکتا ہے، اس لیے گھبرانے کی ضرورت نہیں۔