بی جے پی کو اقتدار سے باہر کرنے تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی: کے سی آر
حیدرآباد، مارچ ۔بھارت راشٹرا سمیتی (بی آر ایس) کے صدر اور تلنگانہ کے وزیراعلیٰ کے۔ چندر شیکھر راؤ (کے سی آر) نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو ملک میں اقتدار سے باہر کرنے تک پارٹی کی جدوجہد جاری رہے گی۔مسٹر راؤ نے تلنگانہ بھون میں پارٹی کی میراتھن میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے یہ اعلان کیا۔ میٹنگ جمعہ کی رات سات گھنٹے تک جاری رہی۔ وزیراعلیٰ نے الزام لگایا کہ بی جے پی تلنگانہ کی ترقی کو ہضم نہیں کر پا رہی ہے۔میٹنگ میں وزراء، ایم پیز، ایم ایل سی، ارکان اسمبلی، پارٹی کی ریاستی ایگزیکٹو کمیٹیاں، مختلف کارپوریشنوں کے صدور، میئر، ڈی سی سی بی کے صدر، ڈی سی ایم ایس اور دیگر نے بھی شرکت کی۔مسٹر راؤ نے دعویٰ کیا کہ تلنگانہ کی ترقی ملک کے لیے ایک مثال بن گئی ہے اور اس نے اپنی پالیسی سے دیگر ریاستوں کو متوجہ کیا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ بی جے پی اپنی پارٹی کی نااہلی کو چھپانے کے لیے کئی سازشوں میں ملوث ہے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بی جے پی بی آر ایس کے عوامی نمائندوں کو ہراساں کر رہی ہے اور بی آر ایس کے وزراء، ایم پیز، ایم ایل اے، ایم ایل سی اور پارٹی لیڈروں کو پہلے ہی مرکزی ایجنسیوں جیسے سنٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی)، انکم ٹیکس (آئی ٹی) اورانفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کے جھوٹے الزامات سے پریشان کرچکی ہے۔بی آر ایس کے قومی صدر راؤ نے کہا کہ ہمیں کسی بھی حد تک ہراساں کرنے کی بی جے پی کی کوششوں کو ناکام بنانا چاہئے اور بی جے پی کے بے بنیاد الزامات کا سامنا کرنا چاہئے۔انہوں نے کہا، ریاست میں غریبوں کے لیے اسکیموں کے نفاذ میں بدعنوانی کا کوئی بہانہ نہیں چلے گا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس سے ایم ایل اے کے مستقبل پر اثر پڑے گا اس لیے انہیں ہوشیار رہنا چاہیے۔