کانگریس لیڈر اجئے رائے کے خلاف مقدمہ
وارانسی:فروری۔کانگریس کے سینئر لیڈر و سابق ایم ایل اے اجئے رائے کے خلاف یہاں جھوٹا بیان دینے کے الزام میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔رائے نے ایک ٹوئٹ میں الزام لگایا تھا کہ بی جے پی حکومت کے اشارے پر گذشتہ 13فروری کو کانگریس کے صابق صدر راہل گاندھی کے طیارے کو وارانسی میں اترنے کی اجازت نہیں دی گئی تھی۔ اس ضمن میں ائیر پورٹ انتظامیہ کا کہنا تھا کہ رائے نے جھوٹا اور گمراہ کن بیان دے کر ائیر پورٹ اتھارٹی کی شبیہ کو نقصان پہنچایا ہے۔ ائیر پورٹ کے ایگزکٹیو ڈائرکٹر اجئے پاٹھک نے جمعہ کی دیر شام اجئے رائے کے خلاف پھولپور تھانے میں آئی پی سی کی دفعات 500،501،اور505 کے تحت مقدمہ درج کرایا ہے۔اس درمیان کانگریس لیڈر نے ایک بار پھر کہا کہ انتظامیہ بی جے پی کے ایجنٹ کی طرح کام کررہی ہے اور وہ اپنے خلاف درج معاملے سے ڈرنے والے ہیں۔ ملحوظ رہے کہ بابت پور میں لال بہادری انٹر نیشنل ائیر پورٹ کے افسران نے 14فروری کو ٹوئٹ میں کانگریس کے الزام سے انکار کردیا تھا کہ بی جے پی کے دباؤ میں راہل گاندھی کا طیارہ وارانسی ائیر پورٹ پر اترنے کی اجازت نہیں دی گئی تھی۔ائیر پورٹ انتظامیہ کا کہنا تھا کہ 13فروری کو رات تقریبا سوا نو بجے اے آڑ ائیرویز نے وارانسی ائیر پورٹ پر ای۔میل بھیج کر اڑان منسوخ کرنے کی اطلاع دی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ اڑان آپریٹر کے ذریعہ رد کردی گئی تھی اور اس میں ائرپورٹ انتظامیہ کا کوئی کردار نہیں تھا۔سابق ایم ایل اے اجئے رائے نے الزام لگایا تھا کہ بی جے پی حکومت کے دباؤ میں راہل گاندھی کے طیارے کو وارانسی انٹرنیشنل ائیر پورٹ پر اترنے کی اجازت نہیں دی گئی تھی۔ وہ 13فروری کی شام گاندھی کا استقبال کرنے کے لئے دیگر کانگریس لیڈروں کے ساتھ ائیر پورٹ پر موجود تھے۔راہل گاندھی کو کملا نہرو میموریل اسپتال میں ایک تقریب میں شرکت کرنے کے لئے پریاگ راج جانا تھا۔ ان کا طیارہ کیرل کے غنور سے وارانسی ائیر پورٹ پر اترنے والا تھا۔لیکن منصوبہ تبدیل ہوگیا اور گاندھی کا طیارہ سیدھے دہلی ائیر پورٹ پر اترا۔