پنچایت انتخابات کے لئے ووٹر فہرست کی نظر ثانی کا کام شروع
لکھنؤ: اترپردیش ریاستی الیکشن کمیشن نے پنچایت انتخابات کی تیاری شروع کردی ہے اور اس کے تحت ووٹر فہرست کے نظر ثانی کا کام شروع کردیا گیا ہے۔
اترپردیش میں پردھانی سمیت سبھی پنچایت نمائندوں کا میعاد کار 25دسمبر کو ختم ہوجائےگا۔ اس کو دیکھتے ہوئے ریاستی الیکشن کمیشن منوج کمار نے منگل کو ایک نوٹیفکیشن جاری کرکے کہا کہ کووڈ پروٹوکول پر عمل کرتے ہوئے یکم اکتوبر سے ووٹر لسٹ نظرثانی کا آغاز ہوگا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق بی ایل او اور سپروائزر کو ان کے کام کے حلقے کے انتخاب کے ساتھ اسٹیشنری تقسیم کا کام آج سے شروع کردیا گیا ہے دونوں ہی کام ایک ہی ساتھ 30ستمبر تک چلیں گے جس کے بعد یکم اکتوبر سے 12نومبر کے درمیان بی ایل او گھر گھر جاکر شماریابی اور سروے کریں گے۔پنچایت انتخابات کے لئے نیا شناختی کارڈ بنوانے یا ترمیم کے لئے آن لائن درخواست یکم اکتوبر سے پانچ نومبر کے درمیان دی جاسکے گی جبکہ 6تا 12نومبر تک بی ایل او گھر گھر جاکر درخواست فارم کی جانچ کریں گے۔
ڈرافٹ رولس کی کمپیوٹر کاپی تیار کرنے کا کام 13نومبر سے 5دسمبر کے درمیان ہوگا جبکہ 6 دسمبر تک ڈرافٹ ووٹر لسٹ کو شائع کردیا جائےگا۔ 6سے 12دسمبر تک ڈرافت کے طور پر شائع رولس کا معائنہ کیا جائے گا وہیں 6 سے 12دسمبر کے بیچ میں ہی دعوی اور اعتراض حاصل کئے جائیں گے۔13 تا19 ستمبر تک دعوی اور اعتراضات کا تصفیہ کیا جائے گا اس کے بعد 29دسمبر کو حتمی ووٹر فہرست کو شائع کردیا جائےگا۔
الیکشن کمیشن کے ذرائع کے مطابق ریاست کے 59163گرام پنچایتوں کے گرام پردھانوں کا میعاد کار 25دسمبر کو پورا ہوجائے گا جبکہ اگلے سال 13جنوری کو ضلع پنچایت صدر اور 17مارچ کو سرکل پنچایت صدر کا میعاد کار پورا ہوگا۔