پاکستان سے آئے ہوئے زائرین نے درگاہ اجمیر میں چادر چڑھائی

اجمیر، جنوری ۔راجستھان کے اجمیر میں صوفی خواجہ معین الدین حسن چشتی کے 811 ویں عرس کے موقع پر پاکستان سے آئے ہوئے زائرین کے ایک گروپ نے پاکستانی حکومت کی جانب سے مخمل کی چادر اور عقیدت کے پھول پیش کیے۔ راجستھان میں پرانی منڈی سنٹرل گرلز اسکول، اجمیر میں مقیم پاکستانی دستے کے 240 ار اکین اپنے سروں پر پاکستان سے لائی گئی مختلف چادریں رکھ کر سخت سکیورٹی اور پولیس کے گھیرے میں صبح ایک جلوس کی شکل میں سینٹرل گرلز اسکول سے روانہ ہوئے۔نیا بازار، کڑکا چوک، دھان منڈی، درگاہ بازار سے ہوتا ہوا یہ جلوس درگاہ کے نظام گیٹ پر پہنچا۔ اس دوران راستے میں پاکستان کی چادر دیکھنے کا تجسس پیدا ہوا۔ پولیس کی سخت چوکسی سامنے سے راستہ ہموار کرتی رہی تاکہ پاکستانی زائرین کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ سب نے سکون کے ساتھ مزار شریف پہنچ کر پہلے حکومت پاکستان کی جانب سے مخملی چادر اور عقیدت کے پھول پیش کیے اور پھر ایک ایک کر کے اپنی اپنی چادر پیش کی۔ سبھی زائرین نے دونوں ممالک کے درمیان امن، دوستی اور بھائی چارے کی دعا کی۔ دونوں ممالک کے درمیان بہتر تعلقات او ر دوستی کے سلسلے میں بھی بات کی۔ کچھ پاکستانیوں نے حکومت ہند اور اجمیر انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پاکستان سے ہندوستان آنے پر بہتر انتظامات کئے اور ان کی اچھی طرح خدمت کی اور یہاں بھرپور پیار ملا۔ ایک پاکستانی نے پورے وقت ایک ہاتھ میں پاکستان کا قومی پرچم اور دوسرے ہاتھ میں ہندوستان کا ترنگا پکڑا ہوا تھا۔ درگاہ کے احاطے میں پاکستانی زائرین کے ا راکین کی دستار بندی کی گئی۔ قابل ذکر ہے کہ پاکستانی زائرین کے ایک گروپ نے دو سال بعد یہاں عرس میں شرکت کی ہے۔ یہ ٹیم 24 جنوری کی صبح پہنچی اور یکم فروری کی شام کو وطن واپس لوٹے گی۔

Related Articles