رونالڈو سعودی پرو لیگ میں النصرکلب کے کپتان ہوں گے

ریاض،جنوری۔کرسٹیانورونالڈو سعودی پرو لیگ میں الاتفاق کلب کے خلاف اپنے پہلے میچ میں النصرکلب کی قیادت کریں گے۔رونالڈونے گذشتہ ماہ النصر کے ساتھ ڈھائی سال تک کھیلنے کے معاہدے پر دست خط کیے تھے۔اس کی مالیت 20 کروڑ یورو (21 کروڑ62 لاکھ ڈالر) سے زیادہ بتائی گئی تھی،لیکن گذشتہ سال اپریل میں ایک مداح کے ہاتھ سے فون چھیننے پرانگلینڈ کی فٹ بال ایسوسی ایشن نے ان پر دو میچوں کی پابندی عاید کردی تھی اورانھیں کھیلنے کا انتظار کرنا پڑا تھا۔37 سالہ پرتگیزی کھلاڑی نے گذشتہ جمعرات کوپیرس سینٹ جرمین کلب کے خلاف دوستانہ میچ میں دوگول اسکور کرکے شائقین کو کھیل میں اپنی صلاحیتیں باور کرادی تھیں۔الریاض کے شاہ فہد بین الاقوامی اسٹیڈیم میں انھوں نے سعودی عرب کے النصر اورالہلال کلب کے کھلاڑیوں پر مشتمل آل اسٹارز ٹیم کی قیادت کی تھی لیکن اس نمائشی میچ میں لیونل میسی کی پیرس سینٹ جرمین کے ہاتھوں ان کی ٹیم کو5-4 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔الریاض کے مرسول پارک میں کھیلنے والا النصرکلب سعودی عرب کے کامیاب ترین کلبوں میں سے ایک ہے۔اس نے نو مرتبہ سعودی لیگ جیتی ہے۔

Related Articles