کوہلی کی شاندار سنچری سے ہندوستان نے 373 رن بنائے

گوہاٹی، جنوری۔ ہندوستان نے وراٹ کوہلی (113) کی شاندار سنچری اور کپتان روہت شرما (83) کی نصف سنچری کی مدد سے منگل کے روز پہلے ون ڈے میں سری لنکا کے سامنے جیت کے لئے 374 رنز کا بڑا ہدف رکھا۔کوہلی نے 87 گیندوں میں 12 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 113 رنز بنائے۔ یہ ون ڈے کرکٹ میں ان کی 45ویں سنچری جبکہ بین الاقوامی کرکٹ میں یہ ان کی 73ویں سنچری ہے۔ اس کے ساتھ ہی کوہلی (9 سنچری)سری لنکا کے خلاف سب سے زیادہ سنچریاں بنانے والے بلے باز بن گئے ہیں، جبکہ اس سے قبل یہ ریکارڈ سچن ٹنڈولکر (آٹھ سنچری) کے پاس تھا۔سری لنکا نے ٹاس جیت کر ہندوستان کو بلے بازی کی دعوت دی اورروہت اور شبھمن گل نے سنچری شراکت داری کرکے میزبان ٹیم کو مضبوط پوزیشن میں پہنچا یا۔روہت-گل نے پہلی وکٹ کے لیے صرف 19.4 اوور میں 143 رنز جوڑے۔ شبھمن گل نے 60 گیندوں پر 11 چوکوں کی مدد سے 70 رنز بنائے جبکہ روہت نے 67 گیندوں پر نو چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 83 رنز بنائے۔دونوں اوپنرز کے آؤٹ ہونے کے بعد شریس ایر (28) اور لوکیش راہل (39) بڑا اسکور بنائے بغیر پویلین چلے گئے، حالانکہ دوسر ی طرف کوہلی نے مورچہ سنبھالے رکھا۔کوہلی نے ایر کے ساتھ 50 رنز کی شراکت داری کی جبکہ راہل کے ساتھ 90 رنز جوڑے۔اننگز کے 47ویں اوور میں کوہلی کی سنچری کے بعد ہندوستان کی نظریں 390 رنز پر تھیں تاہم سری لنکا نے نپی تلی گیند بازی سے رن ریٹ کی رفتار پر لگام لگائی۔ کسن راجیتا نے 49ویں اوور میں کوہلی کی قیمتی وکٹ حاصل کی اور صرف چار رنز دیے، جبکہ ہندوستان آخری اوور میں صرف چھ رنز کا اضافہ کر سکا۔سری لنکا کے لیے رجیتا نے سب سے زیادہ تین وکٹیں حاصل کیں، حالانکہ انہوں نے اپنے 10 اوورز میں 88 رن بھی دیے۔ اس کے علاوہ دلشان مدوشنکا، چمیکا کرونارتنے، داسن شناکا اور دھننجے ڈی سلوا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

Related Articles