پنجاب میں لٹیروں سے مقابلے میں پولیس کانسٹیبل شہید
پھگواڑہ، جنوری ۔ پنجاب کے پھگواڑہ کے گاؤں کوٹ گریوال کے نزدیک کل دیر رات پولیس اور نامعلوم لٹیروں کے درمیان تصادم میں ایک کانسٹیبل شہید ہو گیا۔پولیس نے بتایا کہ پھگواڑہ سٹی تھانہ انچارج امندیپ ناہر ڈاکوؤں کا پیچھا کر رہے تھے۔ لٹیرے دوسانج روڈ پر اوتار سنگھ سے کریٹا کار چھین کر فرار ہو رہے تھے۔ نہار کو اوتار سنگھ نے کار چھیننے کے واقعہ کے بارے میں مطلع کیا اور بتایا کہ کار کا جی پی ایس ٹریکر سسٹم فعال ہے اور گاؤں کے نزدیک کار کی لوکیشن دکھا رہا ہے۔نہار پولیس پارٹی کے ہمراہ موقع پر پہنچے تو لٹیروں نے پولیس پر فائرنگ کردی۔ پولیس نے بھی جوابی کارروائی کی لیکن اس دوران کانسٹیبل کلدیپ کو گولی لگ گئی۔ انہیں اسپتال لے جایا گیا لیکن زیادہ خون بہنے کی وجہ سے راستے میں ہی ان کی موت ہوگئی۔سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (کپورتھلا) نونیت بینس نے کہا کہ انکاؤنٹر میں تین ملزمین کو بھی گولی لگی ہے اور انہیں حراست میں لے لیا گیا ہے۔ ان کی شناخت رنجیت سنگھ عرف جیتا، وشال سونی اور کلوندر کے طور پر کی گئی ہے۔ لٹیروں کی تعداد چار تھی اور چوتھے ملزم کی شناخت یوراج سنگھ کے نام سے ہوئی ہے جو مفرور بتایا جاتا ہے۔ زخمی ملزمان کو پہلے پھگواڑہ سول اسپتال لے جایا گیا، جہاں سے انہیں جالندھر سول اسپتال لے جایا گیا۔ وہاں ان کی حالت مستحکم بتائی جاتی ہے۔وزیر اعلی بھگونت سنگھ مان نے ڈیوٹی کے دوران پولیس کانسٹیبل کلدیپ سنگھ باجوہ کی موت پر افسوس کا اظہار کیا اور لواحقین کو 2 کروڑ روپے کی ایکس گریشیا کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس رقم میں سے ایک کروڑ روپے ریاستی حکومت ایکسگریشیا کے طور پر اور ایک کروڑ روپے ایچ ڈی ایف سی بینک انشورنس کور کے طور پر دئیے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ کانسٹیبل باجوہ اپنی ڈیوٹی ادا کرتے ہوئے شہید ہوئے ہیں۔کانسٹیبل کی آخری رسومات آج دوپہر کے بعد ادا کی گئیں جس میں کئی سینئر پولیس افسران نے شرکت کی۔