ہنومان گڑھ میں سڑک حادثہ میں چار افراد کی موت

سری گنگا نگر، جنوری ۔ راجستھان کے ہنومان گڑھ ضلع میں آج دوسرے دن بھی دو حادثات میں چار افراد کی موت اور پانچ دیگر زخمی ہو گئے۔پولیس کے مطابق ٹاؤن تھانے کے علاقہ میگا ہائی وے پر نورنگدیسر کے نزدیک ٹرک اور موٹر سائیکل کے ٹکراجانے سے 3 افراد کی موت اور 4 زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق یہ خوفناک حادثہ صبح 10 بجے کے قریب پیش آیا۔ چار زخمیوں کی حالت بھی تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ مرنے اور زخمی ہونے والے پنجاب کے ضلع فیروز پور کے رہائشی ہیں جن کی مکمل شناخت کا اب تک پتہ نہیں چل سکا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ موٹر سائیکل کے پچھلے حصے میں ایک ٹرالی بھی لگی ہوئی تھی۔ اس میں سات آٹھ آدمی تھے۔ پنجاب کے رہنے والے یہ لوگ ایک مذہبی زیارت سے واپس سلاسر جا رہے تھے۔ حادثہ کی اطلاع ملتے ہی ٹاؤن پولیس اسٹیشن انچارج سی آئی دنیش سہارن اور اے ایس آئی وجیندر سنگھ موقع پر پہنچ گئے۔پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک اور زخمی ہونے والوں کی شناخت کے لیے کوششیں جاری ہیں۔ ٹرک سیبوں سے لدا ہوا تھا۔ ٹرک الٹ گیا اور سیب کے کریٹ ہائی وے پر بکھر گئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے کا شکار گاڑیوں کو سائیڈ پر کروا کر ٹریفک بحال کر دیا گیا ہے۔ دوسرا حادثہ آج صبح تقریباً 7 بجے راوتسر تھانہ علاقے میں برہمسر کے نزدیک اسی میگا ہائی وے پر پیش آیا، جس میں ایک پک اپ اور پبلک ٹرانسپورٹ سروس میں ٹکر ہوگئی۔ جس کے باعث پک اپ گاڑی میں سوار ایک شخص کی موت اور ایک زخمی ہوگیا۔ زخمی کو راوتسر کے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ اس حادثے میں بھی مرنے والے کی شناخت اب تک نہیں ہو سکی ہے۔ واضح رہے کہ ہنومان گڑھ ضلع کے پلو تھانہ علاقے میں 31 دسمبر سے یکم جنوری کی درمیانی شب میگا ہائی وے پر ایک ٹرک سے ان کی کار کی ٹکر سے پانچ نوجوانوں کی موت ہو گئی تھی۔ ایک نوجوان شدید زخمی ہوگیا جو بیکانیر کے پی بی ایم اسپتال میں زیر علاج ہے۔

 

Related Articles