دھامی کی نئے سال کے موقع پر ریاست کے لوگوں کو نیک خواہشات

دہرادون، دسمبر۔ اتراکھنڈ کے وزیر اعلی پشکر سنگھ دھامی نے ریاست کے تمام باشندوں کو سال نو 2023 کی مبارکباد دی۔نئے سال کے موقع پر جاری اپنے پیغام میں مسٹردھامی نے ریاست کے تمام لوگوں کے لیے خوشی، امن اور خوشحالی کی خواہش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے سال میں ریاستی حکومت عام لوگوں کے تعاون سے ریاست کو نئی بلندیوں پر لے جانے کا کام کرے گی۔وزیراعلیٰ نے ریاست کے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اتراکھنڈ کے لوگوں نے ریاست کی تاریخ میں پہلی بارکسی حکومت کو دوبارہ مکمل اکثریت سے کامیاب بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی رہنمائی اور موثر قیادت میں مرکزی حکومت کے خصوصی تعاون سے ریاستی حکومت اتراکھنڈ کی ہمہ جہتی ترقی اور بہترین اتراکھنڈ کے عزم کے ساتھ مسلسل کام کر رہی ہے۔مسٹر دھامی نے کہا کہ گزشتہ سال ریاستی حکومت نے کابینہ کی پہلی میٹنگ میں اپنے وعدے کے مطابق ریاست میں ‘یکساں سول کوڈ’ لاگو کرنے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم کرنے کا کام کیا۔ حتمی مسودے کی بنیاد پر یکساں سول کوڈ کو ریاست میں نافذ کیا جائے گا۔ یکساں سول کوڈ کا قانون غیر مساوی وفاداریوں کو ختم کرکے ریاست میں سماجی مساوات کی اہمیت کو ثابت کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس کے ساتھ ہی سال 2022 میں ریاستی حکومت نے اتراکھنڈ اسمبلی میں دو تاریخی بل پاس کئے ہیں۔ اتراکھنڈ مذہبی آزادی (ترمیمی) بل 2022 منظور ہونے کے بعد، ریاست میں تبدیلی مذہب کو لے کرسخت قانون کا التزام ہوگیا ہے۔ اس کے علاوہ، اتراکھنڈ پبلک سروس (خواتین کے لیے افقی ریزرویشن) بل 2022 سے، ریاست میں ایک بار پھر خواتین کے لیے 30 فیصد افقی ریزرویشن کا نظام نافذ کیا جائے گا۔مسٹردھامی نے کہا کہ مرکزی اور ریاستی حکومتوں کے درمیان باہمی تال میل کی وجہ سے 300 میگاواٹ کے لکھواڑ کثیر مقصدی پروجیکٹ کو منظوری دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سال جمرانی ڈیم کثیر مقصدی پروجیکٹ کو حکومت ہند سے سرمایہ کاری کی منظوری ملی ہے جس سے نینی تال اور اودھم سنگھ نگر کے نشیبی علاقوں کو فائدہ پہنچے گا۔ انہوں نے کہا کہ کیدارناتھ دھام، بدری ناتھ دھام کے خطوط پر، ریاستی حکومت کماؤن کے اساطیری مندروں کو عظیم الشان بنانے کے لیے مانسکھنڈ مندر مالا مشن کے ایکشن پلان پر کام کر رہی ہے، جس سے مقامی باشندوں کو روزگار کے نئے مواقع بھی فراہم ہوں گے۔مسٹردھامی نے کہا کہ چاردھام سرکٹ میں آنے والے تمام مندروں اور گرودواروں میں فزیکل انفراسٹرکچر اور ٹرانسپورٹ کی سہولیات کو بڑھانے کے منصوبے پر بھی کام کیا گیا ہے۔ اس سال چاردھام یاترا پر آنے والے عقیدت مندوں کی تعداد نے ایک نیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی اس سال ریکارڈ تعداد میں کروڑوں کانوڑ یاتری ہریدوار سے گنگاجل لے کر اپنے اپنے علاقوں کی طرف روانہ ہوئے۔ کانوڑ یاترا کے کامیاب انعقاد کے لیے پہلی بار ہماری حکومت نے بجٹ کا الگ انتظام بھی کیا تھا۔

Related Articles