تلنگانہ کے ڈی جی پی مہیندرریڈی سبکدوش
انجنی کمار نے انچارج ڈی جی پی کی ذمہ داری سنبھال لی
حیدرآباد, دسمبر۔تلنگانہ کے ڈی جی پی مہیندر ریڈی آج سبکدوش ہوگئے۔ان کے اعزاز میں پولیس اکیڈمی میں ایک شاندار الوداعی تقریب کا اہتمام کیاگیا۔ اس پروگرام میں اعلیٰ حکام اور پولیس ملازمین کی بڑی تعدا نے شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مہیندر ریڈی نے کہا کہ وہ گزشتہ 36 برسوں سے محکمہ پولیس میں تھے۔انہوں نے محکمہ میں اپنے کام کے ذریعہ عزت کمانے انتھک محنت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ریٹائرمنٹ پریڈ نے انہیں متاثر کیا ہے۔انہوں نے انجنی کمار کو مبارکباد پیش کی جو انچارج نئے ڈی جی پی بنائے گئے ہیں۔ مہیندر ریڈی نے انہیں 8سال تک ریاست کے پولیس سربراہ کے طورپر ذمہ داری سنبھالنے کا موقع دینے پر وزیراعلی کے چندرشیکھرراو اور تلنگانہ حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلی کے چندرشیکھرراو کے تعاون سے محکمہ پولیس میں کئی اصلاحات لائی گئیں اور وہ دوستانہ پولیسنگ کے معاملے میں بہترین کارکردگی دکھانے میں کامیاب رہے۔ عوام، مختلف کالونی ایسوسی ایشنس اور کارپوریٹروں کے تعاون سے ریاست بھر میں 10 لاکھ سے زیادہ سی سی کیمرے نصب کیے گئے ہیں۔ اس موقع پر انچارج ڈی جی پی انجنی کمار نے کہا کہ وہ مہیندر ریڈی کے ساتھ کام کرنے پر خود کو خوش قسمت سمجھتے ہیں۔ انہوں نے مسٹرریڈی کی ستائش کرتے ہوئے کہا کی کہ ایسے افسران بہت کم ہوتے ہیں۔ مہیندر ریڈی کا ذکر کئی طریقوں سے ان کے رول ماڈل کے طور پر کیا گیا ہے۔ وزیراعلی کے چندرشیکھر راوکی دور اندیشی کی وجہ سے ریاست میں امن و سلامتی ہے۔ وہ ملک کے لیے ایک مثال بن کر کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت عوام کی سلامتی کو اہمیت دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست تلنگانہ ملک کی ترقی کے انجن کی مانند ہے۔ انجنی کمار نے کہا کہ ڈی جی پی مہیندر ریڈی نے پولیس نظام میں ٹکنالوجی لانے کے لیے بہت کچھ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بنجارہ ہلز میں کمانڈ کنٹرول سنٹر لانے میں مہیندر ریڈی کا کردار اہم تھا۔ انہوں نے کہا کہ کانسٹیبل سے لے کر پولیس آفیسر تک ہر کوئی فیلڈ میں ٹکنالوجی کا استعمال کر رہا ہے۔