آسٹریلین لیگ فائنل پر تماشائیوں کا دھاوا، کھلاڑی اور ریفری زخمی، میچ منسوخ کر دیا گیا
میلبرن،دسمبر۔میلبرن میں آسٹریلین لیگ (اے لیگ) کے فائنل کے دوران تماشائیوں کے حملے میں کھلاڑی اور ریفری کے زخمی ہونے کے بعد انتظامیہ نے میچ منسوخ کر دیا۔اے لیگ کے میلبرن سٹی اور میلبرن وکٹری کی ٹیموں کے درمیان کھیلے جانے والے فائنل میچ کے 22 ویں منٹ کے دوران تماشائیوں نے گراؤنڈ میں داخل ہو کر میلبرن سٹی کے گول کیپر ٹام گلوور پر حملہ کر دیا، اس دوران کھلاڑی کا دفاع کرتے ہوئے ریفری ایلکس کنگ بھی چوٹ لگنے سے زخمی ہو گئے۔واقعے کے حوالے سے وکٹوریہ پولیس کا کہنا ہے کہ 150 سے 200 تماشائی گراؤنڈ میں داخل ہو گئے اور انہوں نے گلوور اور ریفری ایلکس کنگ پر آگ بجھانے والی دھاتی بالٹی سے حملہ کرکے دونوں کو زخمی کر دیا۔آسٹریلین فٹبال لیگ کی جانب سے واقعے کی مکمل تحقیقات کا اعلان کردیا گیا ہے دوسری جانب آسٹریلین پروفیشنل لیگ نے بھی مستقبل میں ایسے واقعات کی روکتھام کیلئے فٹبال آسٹریلیا کے ساتھ مل کر کوششیں کرنے کا اعلان کیا ہے۔واقعیکے بعد میلبرن سٹی کلب کی جانب سے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے تماشائیوں کے رویے کو خوفناک قرار دیا گیا۔میلبرن سٹی کلب کا کہنا ہے کہ آمی پارک میں تماشائیوں کی جانب سے گراؤنڈ میں گھس کر کھلاڑیوں، آفیشلز اور کیمرامین کو زخمی کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، ایسے واقعات کسی بھی صورت قابل قبول ہیں نہ ہی فٹبال میں ایسے واقعات کیلئے کوئی گنجائش ہے۔