سابق رکن پارلیمان عتیق احمد کی 3پراپرٹیز ضبط
ریاگ راج: گجرات کی احمدآباد جیل میں قید مافیا ڈان اور سابق رکن پارلیمان عتیق احمد کی پھولپور میں تین پراپرٹیز کو ضبط کرنے کی کاروائی بدھ کو کی گئی ہے۔
پھول پور ڈپٹی ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ وویک چترویدی نے بتایا کہ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ بھانو چندر گوسوامی نے جھونسی کے کٹکا گاؤں میں واقع عتیق احمد کی تین پراپرٹیزضبط کرنے کا حکم دینے کے ساتھ 25ستمبر تک رپورٹ بھی طلب کی ہے۔ حکم پر عمل درآمد کرتے ہوئے صبح پھول پور کی ریوینیو ٹیم اور پولیس کٹکا پہنچی اور کوڈ اسٹوریج کی ضبطی کی کاروائی شروع کردی گئی۔
انہوں نے بتایا کہ جھونسی کے کٹکا میں تین زمینوں کو عتیق کے بے نامی ملکیت قرار دیا گیا تھا۔ اسی ایک زمین پر کولڈ اسٹور ہے۔ ایس ڈی ایم پھول پور کی قیادت میں بھاری پولیس ٹیم کے ساتھ کولڈ اسٹور کھالی کرایا جارہا ہے۔
ایس ڈی ایم نے بتایا کہ کولڈ اسٹوریج میں کسانوں کے آلو کی تقریبا 20000 بوریاں ہیں جنہیں نزدیک میں ہی سہسوں واقع ایک کولڈ اسٹور میں انتظامیہ نے اپنی ذمہ داری پر رکھوایا ہے۔وہیں موقع پر پہنچے کسانوں کا کہنا ہے اگر انتظامیہ ہمیں کچھ دن کی مہلت دے دیتا تو وہ اس کا نظم خود کرلیتے۔اب ایسے میں کولڈ اسٹور سے نکلے آلو گرمی میں یہاں سے وہاں کرنے میں خراب ہوجائیں گے۔