اہداف کو خود اعتمادی کے ساتھ حاصل کیا جانا چاہئے
عالمی یوم معذورین کے موقع پر وزیراعلی تلنگانہ کا پیام
حیدرآباد، دسمبر۔تلنگانہ کے وزیراعلی کے چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ دنیا میں کامل انسان نام کی کوئی چیز نہیں ہے،مسائل پر قابو پا کر اور خود اعتمادی کے ساتھ آگے بڑھ کر ہی زندگی کو مکمل کیا جاسکتا ہے۔انہوں نے معذور افراد کے عالمی دن کے موقع پر معذوروں کو مبارکبادپیش کی۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر اپنے پیام میں معذور افراد پر زور دیا کہ وہ خود سے مایوس ہونے کی بجائے خود اعتمادی کے ساتھ اپنے مقاصد حاصل کریں۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت معذور افراد کے ساتھ کھڑی ہے۔ ریاست تلنگانہ نے معذوروں کی بہبود میں ملک کے لیے ایک مثال قائم کی ہے۔انہوں نے یاد دلایا کہ ریاست تلنگانہ کو معذوروں کی فلاح و بہبود میں بہترین ریاست کے طور پر تسلیم کیا گیا تھا اور مرکز کی طرف سے اسے ایوارڈ دیا گیا تھا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ معذور افراد کی فلاح و بہبود پر خصوصی توجہ دینے کے مقصد سے محکمہ معذور کو خواتین اور بچوں کی بہبود کے محکمہ سے الگ محکمہ کے طور پر قائم کیا گیا ہے۔انہوں نے زوردیتے ہوئے کہاکہ متحدہ آندھراپردیش ریاست میں، حکومتوں نے کم وظائف معذورین کو دیئے تاہم تلنگانہ کی تشکیل کے بعد معذورین کو 3016 روپے وظیفہ کی رقم موجودہ حکومت دے رہی ہے۔وزیراعلی نے کہا کہ وہ معذوروں کے لیے ڈبل بیڈروم مکانات، دلت بندھو اسکیموں اور دیگر اسکیموں میں 5 فیصد ریزرویشن اور ملازمتوں میں ان کیلئے 4 فیصد ریزرویشن فراہم کررہے ہیں۔ حکومت نے مسابقتی امتحانات کی تیاری کرنے والے معذور افراد کے لیے مفت کوچنگ، خصوصی الاؤنس، معذور افراد کے لیے مشاورتی بورڈ اور شکایات وصول کرنے کے لیے ایک خصوصی ویب سائٹ قائم کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم معذور افراد کو ضروری وہیل چیئر، تھری وہیلر اسکوٹیز، بیساکھی وغیرہ فراہم کرکے ان کی روزمرہ زندگی میں درپیش رکاوٹوں کو دور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ معذور افراد کو خصوصی تعلیم فراہم کرنے کے لیے آشرم، اسکولس اور ہاسٹلس قائم کرکے پری میٹرک اور پوسٹ میٹرک اسکالرشپ فراہم کی جارہی ہے۔اس طرح ان کی حوصلہ افزائی کی جارہی ہے۔ ریاستی حکومت ان کی عزت نفس، خود اعتمادی کو بحال کرنے اور ان کو بااختیار بنانے کے لئے تمام ضروری پروگرام شروع کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت آنے والے وقت میں معذوروں کی فلاح و بہبود کے مقصد سے مزید کئی پروگرام شروع کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔