تریپورہ گرامین بینک نے 101 کاروباری خط و کتابت مراکز لانچ کئے
اگرتلہ، نومبر۔ تریپورہ کے وزیر اعلی مانک ساہا نے دیہی آبادی کو بینکنگ کی سہولیات فراہم کرنے کے لئے منگل کو تریپورہ گرامین بینک (ٹی جی بی) کے 101 کاروباری خط و کتابت (بی سی) مراکز لانچ کئے۔ڈاکٹر ساہا نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے مالیاتی لین دین کو ڈیجیٹل کر کے معیشت میں شفافیت لادی ہے۔ انہوں نے لوگوں کے بینکنگ نیٹ ورک کے تحت آنے کو ترجیح دی ہے۔ ڈاکٹر ساہا نے کہا کہ بینکوں نے گاووں میں بھی اپنی شاخیں بڑھا دی ہیں اور حکومت کی مالی شمولیت کی پالیسی کے تحت شہری علاقوں اور قصبوں میں بھی مقامی اور قومی بنکوں کی شاخوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ٹی جی بی کے صدر ستیندر سنگھ نے کہا کہ بینک نے اپنے موجودہ 222 بی سی میں ایک نئے 101 بی سی سنٹر شامل کئے ہیں جن میں 33 رضاکار شامل ہیں۔ٹی جی بی فی الحال بی سی کے علاوہ ریاست میں 148 شاخیں، 17 مائیکرو شاخیں اور ایک دیہی سیلف ایمپلائمنٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ (آر ایس ای ٹی آئی) چلا رہا ہے۔ بینک پچھلے تین برسوں سے ملک میں اعلیٰ درجہ کے علاقائی دیہی بینکوں (آر آر بی) میں سے ایک کے طور پر ابھرا ہے اور اس سال مارچ تک اس کا کل کاروبار 2.50فیصڈ بڑھ کر 10530.77 کروڑ روپے ہو گیا ہے۔مسٹر سنگھ نے کہا کہ تریپورہ کے بینکوں میں سماجی تحفظ کی اسکیموں میں جیسے پردھان منتری جن دھن اکاؤنٹ (48.72فیصد)، پردھان منتری سرکشا بیمہ یوجنا (35.81فیصد)، پردھان منتری جیون جیوتی بیمہ یوجنا (46.51فیصد) اور اٹل پنشن یوجنا (58.21فیصد) ٹی جی بی نے زیادہ سے زیادہ حصہ ڈالا ہے۔انہوں نے بتایا کہ بینکنگ کرسپانڈنٹ سینٹر لوگوں کو آدھار سے چلنے والے ادائیگی کے نظام کے ذریعے ادائیگی کرنے، ڈپازٹس، بیلنس انکوائری، فنڈ ٹرانسفر، ایس ایچ جی میں لین دین، پاس بک پرنٹنگ، اکاؤنٹ کھولنے اور مختلف سماجی تحفظ کی اسکیموں میں اندراج کے لیے 12 گھنٹے (صبح آٹھ بجے سے رات آٹھ بجے تک) سروس فراہم کریں گے۔