ہائی کورٹ نے انل دیشمکھ کی ضمانت عرضی پر سماعت 2 دسمبر تک ملتوی کردی
ممبئی، نومبر۔ بمبئی ہائی کورٹ نے مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) کے وکیل کے پیش نہ ہونے کے بعد منگل کو مہاراشٹر کے سابق وزیر داخلہ انل دیشمکھ کی ضمانت کی عرضی پر سماعت 2 دسمبر تک ملتوی کر دی۔انل دیشمکھ نے طبی بنیادوں پر ضمانت کی درخواست دائر کی ہے جب حال ہی میں سی بی آئی کی خصوصی عدالت نے بدعنوانی اور سرکاری عہدے کے غلط استعمال کے معاملے میں ان کی ضمانت کو مسترد کردیا تھا۔جسٹس ایم ایس کارنک کی عرضی پر عدالت میں سماعت ہونی تھی، لیکن سی بی آئی کی طرف سے پیش ہونے والے ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل انل سنگھ خرابی صحت کی وجہ سے عدالت میں حاضر نہیں ہوسکے۔ جس کے بعد جسٹس کارنک نے کہا کہ وہ اس معاملے کی سماعت 2 دسمبر کو کریں گے۔سابق وزیر داخلہ کی طرف سے پیش ہونے والے سینئر وکیل وکرم چودھری نے فوری سماعت کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ان کا مؤکل گزشتہ سال نومبر سے جیل میں ہے۔جسٹس کارنک نے کہا کہ وہ اس معاملے کی سماعت 2 دسمبر کو کریں گے۔