اتراکھنڈ: کرایہ داروں کی تصدیق نہ کرنے والوں کے خلاف چالان
پوڑی گڑھوال/دہرا دون، نومبر۔اتراکھنڈ کے پوڑی گڑھوال ضلع میں نو منتخب سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) شویتا چوبے کی ہدایت کے تحت اتوار کو وہیکل ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے اور باہر کی ریاستوں سے آنے والے کرایہ داروں کی تصدیق نہ کرانے پر ضلع میں مجموعی طور پر 3 لاکھ 77 ہزار روپے کا چالان کیا گیا۔ محترمہ چوبے نے کہا کہ پولس ہیڈکوارٹر کے حکم کے مطابق، عوامی مفاد میں ضلع میں باہر کی ریاستوں سے آنے والے، رہنے والے اور کام کرنے والے لوگوں کی تصدیق کے لیے، تمام تھانہ انچارجوں کو چاہیے کہ وہ طلباء، مزدوروں، کرایہ داروں، گھریلو ملازمین کی جانچ کریں۔انہوں نے بتایا کہ 3,30,000/- (تین لاکھ تیس ہزار) روپے کے چالان اتراکھنڈ پولیس ایکٹ کی دفعہ 83 کے تحت کل 33 مالک مکان کے خلاف عدالت میں پیش کئے گئے ہیں جنہوں نے تصدیق نہیں کرائی تھی۔محترمہ چوبے نے بتایا کہ اس سے قبل ہفتہ کی دیر رات ضلع بھر میں شراب پینے اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے ڈرائیوروں کے خلاف ایم وی ایکٹ کے تحت کارروائی کی گئی۔