کلدیپ راٹھور ہماچل کے وزیر اعلیٰ کے عہدے کی دوڑ میں نہیں

شملہ، نومبر۔آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے ترجمان اور ہماچل پردیش کانگریس کے سابق صدر کلدیپ سنگھ راٹھور نے جمعرات کو واضح کیا کہ وہ ریاست کے وزیر اعلیٰ کے عہدے کی دوڑ میں شامل نہیں ہیں۔مسٹر راٹھور نے یہاں نامہ نگاروں کو بتایا کہ وزیر اعلیٰ کے انتخاب کا فیصلہ پارٹی ہائی کمان کو کرنا ہے۔میں نے کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے اور پارٹی کے قومی جنرل سکریٹری وینو گوپال سے ملاقات کی ہے کیونکہ میں ان کے ہماچل دورے کے دوران ان سے مل نہیں سکا تھا۔مجھے راجیو گاندھی فاؤنڈیشن کی تقریب میں مدعو کیا گیا تھا اور میٹنگ کے دوران پارٹی کے سینئر لیڈر کو ریاستی انتخابات کے بارے میں بتایا گیا تھا۔ میرے حالیہ دورے کا تعلق وزارت اعلیٰ کی دوڑ سے نہیں تھا۔ وزیر اعلیٰ کے انتخاب کا فیصلہ ہائی کمان کرے گی جسے پوری طرح سے قبول کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی لیڈر ریاست میں اپنی شکست کو تسلیم کر رہے ہیں اور پارٹی کے اندرونی سروے کے مطابق اس الیکشن میں صرف 23 امیدوار ہی جیت رہے ہیں اور 15 سیٹوں پر بی جے پی کے لیے قریبی مقابلہ ہے۔ ضمنی انتخابات اور بلدیاتی انتخابات میں بی جے پی کی شکست کی تاریخ اسمبلی میں بھی دہرائی جائے گی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ تقریباً 80 فیصد پولنگ، بشمول 1.17 لاکھ پوسٹل بیلٹ، بی جے پی کے خلاف بڑے پیمانے پر الٹ پھیر کا اشارہ دیتے ہیں، جونئی اسمبلی میں کانگریس کی حکومت کی راہ ہموار کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی خوف میں مبتلا ہے، اس لیے وہ بھارت جوڑو یاترا کے خلاف غیر ضروری بیانات دیتی رہتی ہے۔

Related Articles