ایان بیل کا موجودہ سیزن کے بعد رٹائرمنٹ کا اعلان

لندن، انگلینڈ کیلئے 118 ٹسٹ کھیلنے والے بلے باز ایان بیل رواں سیزن کے اختتام کے بعد پروفیشنل کرکٹ سے سبکدوش ہوجائیں گے۔
38 سالہ ایان بیل نے 2004 میں انگلینڈ کیلئے کھیلنا شروع کیا تھا اور اپنے ملک کے لئے 118 ٹسٹ ، 161 ون ڈے اور آٹھ ٹی 20 میچز کھیلے ۔ ہفتہ کے روزانہوں نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ان کے رٹائرمنٹ کا صحیح وقت آگیا ہے۔ انہوں نے اپنے تمام مداحوں کا شکریہ ادا کیا۔
بیل انگلینڈ کی اس ٹیم کا حصہ تھے جس نے ایشز سیریز پانچ بار جیتی تھی۔ انہوں نے اپنے کریئر میں 22 سنچریوں اور 46 نصف سنچریوں کی مدد سے 7727 رنز بنائے اور ان کا سب سے زیادہ اسکور 235 تھا۔ انہوں نے ون ڈے میں چار سنچریوں اور 35 نصف سنچریوں کی مدد سے 5416 رنز بنائے۔ انہوں نے آخری بار 2015 میں انگلینڈ کے لئے کھیلا تھا تاہم وہ کاؤنٹی کرکٹ واروک شائر سے وابستہ رہے۔ انہوں نے واروک شائر کلب کے ساتھ ایک سال کے معاہدے پر دستخط کرنے کے کچھ مہینوں کے بعد ہی رٹائرمنٹ کا فیصلہ کیا۔

 

Related Articles