ٹارگیٹ کلنگ: سیکورٹی فورسز کو سرگرم ملی ٹینٹوں کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کرنے کی ہدایت دی گئی : منوج سنہا
سری نگر، اکتوبر۔ جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے شوپیاں میں دو غیر مقامی مزدوروں کی مشتبہ ملی ٹینٹوں کے ہاتھوں ہلاکت کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ اس بزدلانہ حرکت میں ملوث افراد کو کسی بھی صورت میں بخشا نہیں جائے گا۔انہوں نے کہاکہ سیکورٹی فورسز کو سرگرم ملی ٹینٹوں کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔بتادیں کہ جنوبی ضلع شوپیاں کے حرمین گاوں میں درمیانی شب مشتبہ جنگجووں نے غیر مقامی مزدوروں پر گرینیڈ سے حملہ کیا جس کے نتیجے میں دو کی برسر موقع ہی موت واقع ہوئی۔منوج سنہا نے اس واقعے کی مذمت کرتے ہوئے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا :’ شوپیاں میں دہشت گردوں کے ہاتھوں دو غیر مقامی مزدوروں پر حملہ ایک بزدلانہ حرکت ہے ، میں پسماندگان کو تعزیت پیش کرتا ہوں۔ان کا ٹویٹ میں مزید کہنا تھا: ’میں لوگوں کو یقین دلاتا ہوں کہ (اس حرکت) کے مرتکبین اور دہشت گردوں کو مدد کرنے والوں کو سخت سزا دی جائے گی‘۔اُن کے مطابق سیکورٹی فورسز نے حملے میں ملوث ایک دہشت گرد کی گرفتاری عمل میں لائی ہے جبکہ باقی ملزمان کی بھی تلاش بڑے پیمانے پر شروع کی گئی ہے۔ایل جی سنہا نے ٹویٹ میں مزید کہا کہ سیکورٹی ایجنسیوں کو سرگرم ملی ٹینٹوں کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کرنے کے احکامات صادر کئے گئے ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ مہلوکین کی لاشیں پورے اعزاز کے ساتھ آبائی گاوں تک پہنچانے کی خاطر آفیسران کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے۔ایل جی منوج سنہا نے کہا :’ دہشت گردی اور اس سے منسلک افراد کو کچلنے کی خاطر سیکورٹی فورسز کو مکمل آزادی دی گئی ہے۔انہوں نے کہاکہ دہشت گردی مہذب معاشرے کے لئے ایک لعنت ہے، سماج کے ہر طبقے کو اس طرح کے واقعات کی مذمت کرنی چاہئے۔انہوں نے مزید بتایا کہ دہشت گردی اور اس کے حمایتوں کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کی خاطر سب کو متحد ہونے کی ضرورت ہے۔