کووڈ19 انفکشن پر قابو پانے کے لئے ڈور ٹو ڈور سروے،کانٹریکٹ ٹریسنگ اور میڈیکل ٹیسٹنگ کا کام موثر طریقے سے کیا جائے: وزیر اعلیٰ
لکھنؤ: اترپردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا ہے کہ کووڈ19 کے انفکشن پر قابو پانے کے لئے ڈور ٹو ڈور سروے کانٹریکٹ ٹریسنگ اور میڈیکل ٹیسٹنگ کا کام موثر طریقے سے کیا جائے۔ انہوں نے آئی سی یو بیڈ کی تعداد میںاضافہ کے لئے خصوصی کوشش کرنے کی ہدایت دی ہے۔وزیر اعلیٰ آج یہاں لوک بھون میں ایک اعلی سطحی میٹنگ میں ان لاک بندوبست کا جائزہ لے رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ کووڈ19 سے متاثرہ شخص کے مناسب علاج اور زندگی کی حفاظت کے لئے ضروری ہے کہ اسے جلدسے جلداسپتال لے جایا جائے۔ اس میں سرویلانس کے اہم کردار پر زور دیتے ہوئے انہوں نے اس کام کو فوری انجام دینے کی ہدایت دی۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ لکھنؤ ، کانپورشہر ، وارانسی ، پریاگ راج اور گورکھپور میں کووڈ19 انفکشن کی روک تھام کے لئے خصوصی کوشش کی جائے۔ انہوں نے ایڈیشنل چیف سکریٹری طبی تعلیم کو ہدایت دی کہ وہ 05 ستمبر 2020 کو کانپور شہر جاکر موقع پر ضلع کے طبی نظام کا جائزہ لیں۔ انہوں نے کہا کہ ایڈیشنل چیف سکریٹری صحت اور ایڈیشنل چیف سکریٹری پنچایتی راج اور دیہی ترقیات ضلع لکھنؤ کی صورتحال کا جائزہ لیں۔ لکھنؤ ٹیم کے ساتھ وائس چانسلر کے جی ایم یو اور ڈائریکٹر ایس جی پی جی آئی بھی ر ہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع کانپور شہر اور لکھنو میں ہر حالت میں انفکشن کے پھیلاؤ پر قابو پایاجائے۔ اس کے لئے جائزہ لینے کے بعدخامیوں کی نشاندہی کرتے ہوئے ان کا تصفیہ کرایا جائے۔وزیر اعلیٰ نے ہدایت دی کہ کانپور شہر کا جائزہ لینے والی ٹیم 06 ستمبر 2020 کو ضلع پریاگ راج جاکر صورتحال کا جائزہ لیں اور خامیوں کو دورکرائیں۔ انہوں نے کہا کہ جیلوں میں کووڈ 19 انفکشن پر قابو پانے کے لئے سبھی ضروری اقدامات اٹھائے جائیں۔ جیل اہلکاروں کی بھی باقاعدگی سے جانچ کی جائے۔ جیل بھیجنے سے قبل قیدیوں کو عارضی جیل میں رکھا جائے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ کووڈ 19 کے پیش نظر سکریٹریٹ میں داخلے کے لئے غیرضروری پاس جاری نہ کیا جائے۔ سکریٹریٹ کے داخلہ پاس جاری کرنے کے نظام کو سخت بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ صرف مصدقہ افراد ہی سکریٹریٹ میں داخل ہوں۔ انہوں نے سکریٹریٹ کے احاطے میں پان ، گٹکا پر عائد پابندی پر سختی سے عمل یقینی بنانے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ کاموں کو فوری فیصلے کرکے نمٹایا جائے۔ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ کسی بھی معاملے میں 07 دن سے زیادہ فائل زیر التواء نہ رہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ منفی حالات کے باوجود جی ایس ٹی کے تحت بہتر ریونیو کی وصولی کی گئی ہے۔ جی ایس ٹی کی وصولی کو بڑھانے کے لئے خصوصی کوشش کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں رجسٹریشن بڑھانے پر زور دیا جائے۔ جی ایس ٹی ریٹرن بھرنے کے لئے تاجروں کو بھی تربیت دی جائے۔ اس موقع پر وزیر طبی تعلیم جناب سریش کھنہ ، وزیر صحت جناب جئے پرتاپ سنگھ ، چیف سکریٹری جناب آر کے تیواری ،کمشنر انفرااسٹریکچر وصنعتی ترقیات جناب آلوک ٹنڈن ، ایڈیشنل چیف سکریٹری مالیات جناب سنجیو متل ، ایڈیشنل چیف سکریٹری داخلہ و اطلاعات جناب اونیش کمار اوستھی ، ڈائریکٹر جنرل پولیس جناب ہیتش سی اوستھی ، ایڈیشنل چیف سکریٹری ریونیو محترمہ رینوکا کمار ، ایڈیشنل چیف سکریٹری وزیر اعلیٰ جناب ایس پی گوئل ، ایڈیشنل چیف سکریٹری صحت جناب امت موہن پرساد ، ایڈیشنل چیف سکریٹری طبی تعلیم ڈاکٹر رجنیش دوبے ، ایڈیشنل چیف سکریٹری ایم ایس ایم ای جناب نونیت سہگل ، ایڈیشنل چیف سکریٹری زراعت جناب دیویش چترویدی ، ایڈیشنل چیف سکریٹری پنچایتی راج و دیہی ترقیات جناب منوج کمار سنگھ ، پرنسپل سکریٹری وزیر اعلیٰ جناب سنجے پرساد ، پرنسپل سکریٹری مویشی پروری جناب بھونیش کمار ، سکریٹری وزیر اعلیٰ جناب آلوک کمار ،ڈائریکٹر اطلاعات جناب ششر سمیت دیگرسینئر افسران موجود تھے۔