گجرات میں بس سروس آپریشن کے لیے 121 کروڑ روپے مختص

گاندھی نگر، اکتوبر۔گجرات کے وزیر اعلی بھوپیندر پٹیل نے ایک میٹرو پولس اور دو شہروں میں پبلک ٹرانسپورٹ کی سہولت کو مزید مستحکم کرنے کے مقصد سے مکھیا منتری اربن بس ٹرانسپورٹ سہولت کے تحت کل 121 کروڑ روپے مختص کرنے کی اصولی منظوری دی ہے۔ اس تناظر میں،مسٹر پٹیل نے راجکوٹ میونسپل کارپوریشن کو 50 الیکٹرک بسوں کے کنٹریکٹ پر مبنی آپریشن کے لیے 10 سال کی مدت کے لیے کل 91 کروڑ 25 لاکھ روپے مختص کرنے کی اصولی اجازت دی ہے۔اس کے علاوہ وزیر اعلی نے سریندر نگر-دودریج میونسپلٹی کو 32 سی این جی سٹی بسوں کے کنٹریکٹ پر مبنی آپریشن کے لئے سات سال کی مدت کے لئے گرانٹ کے طور پر کل 20 کروڑ 44 لاکھ روپے کی رقم مختص کرنے کی اصولی منظوری بھی دی ہے۔یہی نہیں بلکہ انہوں نے کچھ کی بھوج میونسپلٹی کو سٹی بس سروس کے تحت 22 بسیں چلانے کے لیے 9 کروڑ تین لاکھ 37 ہزار روپے کی کل گرانٹ میں پانچ سال کے لیے اصولی منظوری بھی دی ہے۔قابل ذکر ہے کہ ریاست کے آٹھ میٹرو اور میونسپل علاقوں میں آبادی اور گاڑیوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ کے سبب ٹریفک اور پارکنگ کے مسئلہ کے ساتھ ساتھ فضائی آلودگی بھی دن بدن بڑھ رہی ہے۔ سڑک حادثات اور غیر محفوظ ٹرانسپورٹ کا مسئلہ بھی گھمبیر ہو گیا ہے۔ ان تمام مسائل کے حل کے لیے اور شہری آبادی کو آسان، محفوظ اور سستی ٹرانسپورٹ سروس فراہم کرنے کے لیے ریاستی حکومت نے ریاست میں مکھیا منتری اربن بس ٹرانسپورٹ کی سہولت شروع کی ہے۔

Related Articles