ملائم کی حالت بدستور نازک، برجیش پاٹھک پہنچے میدانتا
کہا- نیتا جی کی صحت کیلئے یوپی حکومت فکرمند
لکھنو:اکتوبر۔یوپی کے سابق وزیر اعلی اور سماج وادی پارٹی کے سرپرست ملائم سنگھ یادو کی حالت اب بھی نازک ہے۔ گروگرام کے میدانتا اسپتال میں ماہرین کی ایک ٹیم ملائم سنگھ کے علاج میں مصروف ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ میدانتا ہسپتال دوپہر 12 بجے کے بعد ملائم کا ہیلتھ بلیٹن جاری کرے گا۔ اس دوران یوپی کے ڈپٹی سی ایم برجیش پاٹھک نے میدانتا پہنچ کر ملائم سنگھ کا حال دریافت کیا۔ انہوں نے کہا کہ یوپی حکومت نیتا جی کی صحت کو لے کر فکر مند ہے۔برجیش پاٹھک نے کہا کہ یوپی حکومت ہر مدد کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے ڈاکٹروں اور اہل خانہ سے بات کی۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ ملائم سنگھ یادو بہت جلد صحت مند ہو جائیں گے۔ ملائم سنگھ پانچ دنوں سے آئی سی یو میں داخل ہیں۔ ایس پی سربراہ اکھلیش یادو، شیو پال یادو اور خاندان کے دیگر افراد دہلی میں ہی موجود ہیں۔ ملائم سنگھ کو جان بچانے والی دوائیں دی جا رہی ہیں۔ انہیں آئی سی یو میں شفٹ کرنے کے بعد ایس پی کارکن مسلسل اسپتال آ رہے ہیں۔ اکھلیش یادو نے کارکنوں سے نیتا جی کی صحت کے لیے بھگوان سے دعا کرنے کی اپیل کی ہے۔ایس پی سرپرست کی صحت میں بہتری کے لیے ان کے آبائی گاؤں سیفئی سمیت ریاست کے مختلف اضلاع میں خصوصی دعائیں اور منتیںکی جارہی ہیں۔